مارکیٹنگ کی شعبدہ بازیاں،کیپٹل سمارٹ سٹی نے تشہیری مہم کی حد تک اپنے رہائشی منصوبے کو دنیا کا بہترین منصوبہ ظاہر کر کے عوام کو لوٹ لیا

عوام گیٹ پریسینکٹ (Gate Precinct)کی حدود میں داخل ہونگے ، انہیں کیپٹل سمارٹ سٹی کی عظمت کا اندازہ ہو گا منصوبے کے پندرہ میں سے پہلے ضلع میں عالمی سطح کے پرتعیش ہوٹل اور اس کا وسٹا آسانی سے کمیونٹی کو راغب کرتا ہے، اس علاقے میں اعلی ،بلند و بالا رہائشی اور مخلوط استعمال کی عمارات شامل ہیں،دعوی

فیوچر ڈویلپمنٹ ہو لڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کا پہلا گیٹ پریسینکٹ (Gate Precinct)دیگر دو اضلاع پانڈا اور پانڈا مارٹ تک براہ راست رسائی فراہم کرتا ہے، اس ضلع کو دس زونز میں تقسیم کیا گیا،یہ تاثر دیا کہ جب عوام یہاں پلاٹ لینے کے بعد رہائش پذیر ہونگے تو دنیا کی پرتعیش زندگی انکی راہ دیکھتی ہو گی

پہلے زون میں 5 اسٹار ہوٹلزیہاں رہنے والوں کو عالمی معیار کی سروس فراہم کرینگے ،دوسرے زون میں2ایکس 3 اسٹار ہوٹلزکیپٹل سمارٹ سٹی کے مکینوں کی ضروریات کو پورا کرینگے اور انہیں ایک ہی ضلع میں جہاں فائیو سٹار ہوٹلز دستیاب ہونگے وہیں تھری سٹار ہوٹلز میں موجود عملہ انکی مہمان نوازی کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہوگا

شہریوں کو خوابوں کی تعبیر ملنا تو دور کی بات ،انتظامیہ زمین کو ہموار کرنے اور سڑکیں،پانی و بجلی ،گیس ،ٹیلی فون جیسی بنیادی سہولیات بھی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہے ،تعمیراتی کاموں اور انفراسٹکچر کا اگر حقیقی جائزہ لیا جائے تو آنے والے چند سالوں میں بھی کیپٹل سمارٹ سٹی انتظامیہ اپنے دعوی کو حقیقت ثابت نہیں کرپائے گی

راولپنڈی (اشفاق خان مغل) فیوچر ڈویلپمنٹ ہو لڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی نے عوام کی توجہ حاصل کرنے اور انہیں مستقبل کے حوالے سے سہانے خواب دیکھانے کے لیے منصوبے کے پندرہ اضلاع ظاہر کئے ہیں ۔کیپٹل سمارٹ سٹی کی تشہیری مہم کے مطابق سب سے پہلا ضلع گیٹ پریسینکٹ (Gate Precinct)کیپٹل اسمارٹ سٹی کا نمایاں دروازہ ہے۔فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کا یہ دعوی ہے کہ جیسے ہی عوام گیٹ پریسینکٹ (Gate Precinct)کی حدود میں داخل ہونگے ، انہیں کیپٹل سمارٹ سٹی کی عظمت کا اندازہ اور تجربہ نظر آئے گا۔تشہیری مہم میں فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کو دنیا کا بہترین اور شاندار رہائشی منصوبہ ظاہر کرنے کیلئے مارکیٹنگ کی شعبدہ بازیوں کا بھر پور استعمال کرتے ہوئے یہ تاثر دیا گیا ہے کہ اس منصوبے کے پندرہ میں سے پہلے ضلع میں عالمی سطح کے پرتعیش ہوٹل اور اس کا وسٹا آسانی سے کمیونٹی کو راغب کرتا ہے۔ اس علاقے میں اعلی ،بلند و بالا رہائشی اور مخلوط استعمال کی عمارات شامل ہیں۔ فیوچر ڈویلپمنٹ ہو لڈنگز کے منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی کا پہلا گیٹ پریسینکٹ (Gate Precinct)دیگر دو اضلاع پانڈا اور پانڈا مارٹ تک براہ راست رسائی فراہم کرتا ہے،اگر ہم اس ضلع کا بغور جائزہ لیں تو کیپٹل سمارٹ سٹی کی انتظامیہ نے اس ضلع کو دس زونز میں تقسیم کررکھا ہے اور اپنے منصوبے کو دلکش ظاہر کرکے پلاٹس کی فروخت اور مستقبل میں یہاں رہنے والوں کو یہ تاثر دیا ہے کہ وہ جب یہاں پلاٹ حاصل کرنے کے بعد رہائش پذیر ہونگے تو دنیا کی پرتعیش زندگی انکی راہ دیکھتی ہو گی ،آسائشیں،راحتیں ،سہولیات انکے قدموں تلے ہونگی اور وہ عالمی شہروں کے مقابل تمام ضروریات کو سمارٹ سٹی کے منصوبے میں پائیں گے، پہلے زون میں 5 اسٹار ہوٹلزیہاں رہنے والوں کو عالمی معیار کی سروس فراہم کرینگے ،دوسرے زون میں2ایکس 3 اسٹار ہوٹلزکیپٹل سمارٹ سٹی کے مکینوں کی ضروریات کو پورا کرینگے اور انہیں ایک ہی ضلع میں جہاں فائیو سٹار ہوٹلز دستیاب ہونگے وہیں تھری سٹار ہوٹلز میں موجود عملہ انکی مہمان نوازی کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہوگا ،اسکے بعدتیسرے زون میں سروسڈ اپارٹمنٹ یہاں اپارٹمنٹ حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو اعلی رہائشی سہولیات مہیا کرینگے،چوتھے زون میں کاروبار سے منسلک افراد کیلئے فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز اپنے رہائشی منصوبے میں دفاتر،پانچویں زون میں کمرشل / ریٹیل عمارات دینے کا دعویدار بھی نظر آتا ہے، چھٹے زون میں ڈویلپر200پویلینز آئوٹ لیٹس مہیاکرنے کی صلاحیت کا دعوی کرتا نظر آتاہے جبکہ ساتویں زون میں فیوچر ڈویلپمنٹ ہو لڈنگز کا منصوبہ کیپٹل سمارٹ سٹی یہاں مستقبل میں آباد ہونے والے شہریوں کو اپارٹمنٹس / مخلوط استعمال کی عمارات مہیا کرنے کا دعویدار ہے ،اسکے علاوہ عبادت کیلئے آٹھویں زون میں مسجد،نویں زون میں اعلی معیار کے تعلیمی ادارے اورفیوچر ڈویلپمنٹ ہو لڈنگز کا منصوبہ کیپٹل سمارٹ سٹی پہلے ضلع گیٹ پریسینکٹ (Gate Precinct)کے دسویں زون میں تفریحی پارکس مہیا کرنے کا دعوی کرتا ہے ۔واضح رہے کہ فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز کے رہائشی منصوبے کیپٹل سمارٹ سٹی نے عوام الناس کو مارکیٹنگ اورتشہیری مہم کے ہتھیار کو استعمال کرتے ہوئے کمال مہارت کیساتھ دنیا کا بہترین رہائشی منصوبہ تو ظاہر کر دیا ہے مگر حقیقت اسکے بالکل بر عکس ہے اگر کیپٹل سمارٹ سٹی جس کا آغاز آج سے چار برس قبل ہوا اسکا فضائی تصویری جائزہ لیا جائے تو آج بھی فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگزکا منصوبہ کیپٹل سمارٹ سٹی نے شہریوں کو جو خواب دکھائے انکی تعبیر ملنا تو دور کی بات ہے،انتظامیہ زمین کو مکمل ہموار کرنے اور سڑکیں،پانی و بجلی ،گیس ،ٹیلی فون جیسی بنیادی سہولیات بھی فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہے اور موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تعمیراتی کاموں اور انفراسٹکچر کا اگر حقیقی جائزہ لیا جائے تو آنے والے چند سالوں میں بھی کیپٹل سمارٹ سٹی اپنی دعوی کو حقیقت ثابت نہیں کرپائے گا ۔اس حوالے سے موقف جاننے کیلئے فیوچر ڈویلپمنٹ ہولڈنگز اور کیپٹل سمارٹ سٹی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا مگر موقف دینے میں حسب معمول انتظامیہ سنجیدہ نظر نہیں آتی اگر انتظامیہ موقف دینا چاہے تو ادارہ من و عن شائع کرے گا ۔قابل ذکر بات یہ ہے پہلے ضلع کے حوالے سے چشم کشا انکشافات عوام کے سامنے رکھ دیے ہیں باقی ماندہ چودہ اضلاع کی حقیقت بھی مر حلہ وار ہماری ٹیم عوام کے سامنے لائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں