قومی ٹی ٹونٹی کپ ،ایونٹ 13 سے 24 اکتوبر تک فیصل آباد میں جاری رہے گا

لاہور(سی این پی)قومی ٹی ٹونٹی کپ نوجوان کھلاڑیوں کو نومبر کے اوائل میں آسٹریلیا کے خلاف شیڈول تین میچوں سمیت ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی ڈرافٹنگ میں جگہ بنانے کا بہترین موقع فراہم کررہا ہے۔قائداعظم ٹرافی کی طرح 13 سے 24 اکتوبر تک جاری رہنے والا قومی ٹی ٹونٹی کپ بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر نمایاں کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔ایونٹ میں شریک مندرجہ ذیل کھلاڑی شائقین کرکٹ کی توجہ کا مرکز رہیں گے،28 سالہ آلراؤنڈر نے حالیہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں بیٹنگ اور باؤلنگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔عادل امین نے قائداعظم ٹرافی میں 70.33 کی اوسط سے 211 رنز بنائے۔ 4 اننگز میں 3 نصف سنچریاں اسکور کرنے والے آلراؤنڈر نے ایونٹ کے پہلے مرحلے کے دوران ایک اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔عادل امین کی خصوصیت اننگز کے وسط میں اپنی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ کو سہارا دینا ہے۔ خیبرپختونخوا کے اوپنرز فخر زمان اور صاحبزادہ فرحان کے بعد مڈل آرڈر میں انہیں کپتان محمد رضوان اور افتخار احمد کاساتھ دستیاب ہوگا۔گذشتہ ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں عادل امین نے فاٹا کی نمائندگی کرتے ہوئے 6 اننگز میں 105 کے اسٹرائیک ریٹ سے 147 رنز اسکور کیے تھے۔ مجموعی طور پر آلراؤنڈر اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر کے دوران 42 میچوں میں111 کی اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 794 رنز بناچکے ہیں۔16 سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں شیڈول قومی ٹی ٹونٹی کپ میں اپنا پہلا ٹی ٹونٹی میچ کھیلیں گے۔ڈومیسٹک کرکٹ میں اب تک اپنے ٹی ٹونٹی ڈیبیو کے منتظر نسیم شاہ اپنی تیز رفتار باؤلنگ کے باعث اتوار سے شروع ہونے والے ایونٹ میں حریف ٹیموں کے لیے خطرہ ثابت ہوں گے۔ پی سی بی انڈر 16 ڈویلمپنٹ پروگرام کی دریافت نسیم شاہ نے قائداعظم ٹرافی میں سنٹرل پنجاب کی جانب سے فرسٹ الیون کرکٹ ٹورنامنٹ میں شرکت کی ۔انہوں نے 3 میچوں میں 26 کی اوسط سے 9 وکٹیں حاصل کیں۔ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کےابتدائی اسکواڈ میں شامل نوجوان فاسٹ باؤلرانجری کی باعث ایونٹ میں شرکت نہیں کرسکے تھے تاہم 16 سالہ فاسٹ باؤلر نے انجری سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف قومی انڈر 19 ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے 5 میچوں میں 12 وکٹیں حاصل کیں۔نسیم شاہ اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ کے 2میچوں میں بھی 4 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے خود کو بہترین ٹاپ آرڈر بیٹسمین کی حیثیت سے منوانے والے احسان علی کو قومی ٹی ٹونٹی کپ کے لیے سندھ کی سیکنڈ الیون سے فرسٹ الیون کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے۔25 سالہ کرکٹر نے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن کی 8 اننگز میں130 سے زائداسٹرائیک ریٹ کے ساتھ 178 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔احسان علی نے قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے آخری تین روزہ میچ میں سنٹرل پنجاب کے خلاف سنچری اسکور کرچکے ہیں۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں فاسٹ باؤلر حارث رؤف نے کراچی کنگز کے خلاف میچ میں تیز رفتار باؤلنگ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو روایتی حریف کےخلاف میچ میں کامیابی دلائی تھی۔10 میچوں میں 11 وکٹیں حاصل کرنے والے حارث رؤف نےپاکستان کپ کے 4 میچوں میں بھی 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔فیصل آباد میں شیڈول ایونٹ حارث رؤف کا پہلا ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی کپ ہوگا۔اس سے قبل نوجوان فاسٹ باؤلر قائداعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے کے 2 میچوں کی 3اننگز میں6 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ حارث رؤف ڈومیسٹک سیزن سے قبل نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ایمرجنگ کیمپ کا حصہ رہ چکے ہیں۔ 29 سالہ آلراؤنڈر عامر یامین پاکستان کی جانب سے 2 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچوں میں شرکت کرچکے ہیں۔ آلراؤنڈر نے نومبر 2015 میں اپنے ڈیبیو میچ کی پہلی گیند پر انگلینڈ کے جارحانہ مزاج بلے باز جیسن رائے کوآؤٹ کیا تھا۔انہوں نے اپنا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ جنوری 2018 میں کھیلا۔قائداعظم ٹرافی میں سدرن پنجاب فرسٹ الیون ٹیم کی نمائندگی کے دوران عامر یامین بھرپور فارم میں ہیں۔ سندھ کے خلاف 142 رنز کی شاندار اننگز کے بعد 57 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے والے عامر یامین نےسدرن پنجاب کی ایونٹ میں تاحال واحد جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔عامر یامین نے ایونٹ کے پہلے مرحلے میں 72 سے زائد اوسط کے ساتھ 291 رنز اسکور کیے۔نوجوان آلراؤنڈر ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کراچی کنگز کی نمائندگی کررہے ہیں۔ وہ اب تک اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر میں 51 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔رواں سیزن میں عامر یامین اپنی بیٹنگ اوسط کو بہتر کرنے کے خواہشمند ہیں۔ کرکٹ کے سب سے محدود فارمیٹ میں وہ 17 کی اوسط سے رنز بنارہے ہیں.اننگز کے اختتامی 10 اوورز میں بہترین باؤلنگ کرنے والے عماد بٹ بلوچستان کی جانب سے شائقین کرکٹ کی توجہ کا محور ہوں گے۔ تاحال 29 ٹی ٹونٹی میچوں میں وہ 19 کی اوسط سے39وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔دائیں ہاتھ کے میڈیم پیسر عماد بٹ بیٹنگ میں بھی نمایاں صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 5 نصف سنچریاں اسکور کرنے والے آلراؤنڈر نے آخری نصف سنچری قائداعظم ٹرافی 20-2019کے دوسرے راؤنڈ میں سدرن پنجاب کے خلاف اسکور کی۔ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گذشتہ ایڈیشن میں آل راؤنڈر عماد بٹ نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 2 میچوں میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔عمر گل جیسے تجربہ کار فاسٹ باؤلر کی موجودگی میں عماد بٹ قومی ٹی ٹونٹی کپ میں بہترین کارکردگی دکھانے کا ارادرہ رکھتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں