جاز(JAZZ)،دنیا کو بتادو !مگر صارفین کو درپیش مسائل ،مشکلات کے حوالے سے کچھ مت بتانا

صارفین جتن کرکے ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں توجاز(JAZZ)کا نمائندہ صرف “Sorry for the Inconvenience” (تکلیف کے لئے معذرت چاہتے ہیں)کہہ کر لائن ڈراپ کر دیگا

صارفین کے حقوق کو جوتے کی نوک پر رکھنے والی سیلولر کمپنی جاز(JAZZ)صارفین کو درپیش مشکلات کے ازالہ کیلئے کوشاں ہے اور نہ ہی انہیں ریلیف دینا چاہتی ہے ، صرف طفل تسلیوں اور ٹال مٹول سے کام لینا وطیرہ بنا چکی ہے

نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن کر رہے ہیں، کچھ صارفین کو وقفے وقفے سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، ٹیلی کام اور ڈیٹا سروسز بحال ہیں ، ہمیںصارفین کی کسی بھی تکلیف پرافسوس ہے ،ترجمان جاز(JAZZ)

صارفین خدمات(سروسز) میں کسی بھی مسئلے کی اطلاع آپریٹرز یا پی ٹی اے کو دے سکتے ہیں،جاز (JAZZ) اپنے صارفین کی شکایات کو حل کر رہا ہے، پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)بھی چوکس ہے ،ترجمان پی ٹی اے

اسلام آباد(سی این پی)دنیا کو بتادو،مگر معزز صارفین کو کچھ نہیں بتانا،دنیا کو بتانے کا عزم لیکرصارفین کے حقوق پر ڈاکہ مارنے والی کمپنی کی انوکھی منطق،دنیا کو بتانا ہے اگر نہیں بتانا تو تکینکی خرابی یا اپ گریڈیشن کے حوالے سے اپنے صارفین کوکچھ نہیں بتانا ،صارفین درپیش مسائل اور مشکلات کے حوالے سے آگاہی حاصل کرنا چاہیں یا مسائل اور مشکلات کے ازالے کیلئے جتن کرکے ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے میں کامیاب ہو جائے توجاز(JAZZ)کا نمائندہ صرف “Sorry for the Inconvenience” (تکلیف کے لئے معذرت چاہتے ہیں)کہہ کر جان بوجھ کر لائن ڈراپ کر دیگا،صارفین کو کوئی معینہ مدت نہیں بتائی جارہی ہے صرف یہی کہہ کر تسلی دی جارہی ہے کہ جلد سسٹم اپ گریڈ ہو جائے گا ۔صارفین کے حقوق کو جوتے کی نوک پر رکھنے والی سیلولر کمپنی جاز(JAZZ)صارفین کو درپیش مشکلات کے ازالے کیلئے کوشاں ہے اور نہ ہی انہیں ریلیف دینا چاہتی ہے بلکہ صرف طفل تسلیوں اور ٹال مٹول سے کام لینا وطیرہ بنا چکی ہے ،واضح رہے کہ گزشتہ کئی روز سے معروف سیلولرکمپنی جاز(JAZZ)سسٹم اپ گریڈیشن کے نام سے صارفین کو خوار کر رہی ہے،اس حوالے سے جاز کے ترجمان کا تحریری موقف میں کہنا ہے کہ ہم صارفین کیلئے نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن کر رہے ہیں۔ ہماری ٹیلی کام اور ڈیٹا سروسز بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔ تاہم اپ گریڈیشن کے دوران کچھ صارفین کو وقفے وقفے سے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ہمیں کسی بھی تکلیف پرافسوس ہے اوراس دوران ہم اپنے صارفین کے تعاون کی تعریف کرتے ہیں۔واضح رہے کہ نئے ڈیجیٹل سسٹم کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے جاز (JAZZ)کے قول و فعل میں تضاد کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جاز (JAZZ)کی آفیشل ویب سائٹ پر یہ پیغام واضح طور پر اب تک لکھا ہوا ہے کہ” معزز صارف سسٹم اپ گریڈیشن کے باعث 4نومبر 2021کو چند سروسز کچھ دیر کیلئے میسر نہیں ہو پائیں گی ،تکلیف کیلئے معذرت خواہ ہیں آپکے تعاون کا شکریہ”، مگر سات روز گزرنے کے باجود سروسز مکمل بحال ہوسکیں اور نہ ہی صارفین کی شکایات کا ازالہ ہوا ،قابل ذکر بات یہ ہے کہ پاکستان کی بڑی سیلولر کمپنی کی دعویدار جاز(JAZZ) نے 4 نومبر2021کے بعد اپنی آفیشل ویب سائٹ کو اپ ڈیٹ کیا اور نہ ہی ڈیجیٹل سسٹم اپ گریڈ ہو سکا ،ایک دن کا کام سات دن میں بھی مکمل نہ ہو سکا،سیلولر کمپینوں کا ریگولیٹر پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)بھی جاز(JAZZ) کیلئے نرم گوشہ رکھتا ہے۔ سی این پی ٹیم کے مسلسل دودن رابطے کے بعد پی ٹی اے نے لب کشائی کی ۔پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)کے ترجمان خرم مہربان نے فون پر بات کرنا گوارہ نہیں کی مگر ترجمان پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)خرم مہربان نے تحریری موقف میں کہا کہ صارفین خدمات(سروسز) میں کسی بھی مسئلے کی اطلاع آپریٹرز یا پی ٹی اے کو دے سکتے ہیں۔جاز (JAZZ) اپنے صارفین کی شکایات کو حل کر رہا ہے۔ پاکستان ٹیلی کمیونکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)بھی چوکس ہے اور قواعد و ضوابط کے مطابق آگے بڑھے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں