اندھیر نگری چوپٹ راج ،جاز(JAZZ) کے نئے ڈیجیٹل سسٹمزاپ گریڈیشن سے صارفین کےمواصلاتی رابطے 8 روز سے منقطع

آٹھ ایام سے صارفین کیلئے نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن جازکمپنی کے گلے کی ہڈی بن چکی ہے جو نہ اگلی جا رہی ہے نہ ہی نگلی

طویل اپ گریڈیشن نے جہاں جاز(JAZZ) کے قابل انجینئرزکی کارکردگی کا بھانڈا پھوڑدیا ہے وہیں صارفین کو بھی مسلسل اذیت میں مبتلا کر دیا ہے،ذرائع

نمبر ملانے پر” مطلوبہ نمبر سے رابطہ ممکن نہیں “یا “آپکی درخواست پراس وقت عمل نہیں ہوسکتامزید مدد کیلئے 111 پر رابطہ کریں۔”سننے کو مل رہا ہے

ہیلپ لائن پر کال ملانے پر72 پیسے چارجز،صارف کوجاز کے نمائندہ سے بات کرنے کی صورت میں مزید 2 روپے 14 پیسے کی ادائیگی کرنا پڑتی ہے

تمام سروسز بحال ہیں کہیں اگر کوئی مسئلہ آرہا ہے تو اسے ہماری ٹیکنکل ٹیمز دیکھ رہی ہیں،صارفین کی شکایات پرازالہ کیا جارہا ہے،ترجمان جاز(JAZZ)

اسلام آباد(سی این پی)پاکستان کی سب سے بڑی سیلولر کمپنی کی دعویدارجاز(JAZZ) کی سروسز کی بحالی صارفین کےلئے خواب بن گئی، گزشتہ آٹھ ایام سے صارفین کیلئے نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن کمپنی کے گلے کی ہڈی بن چکی ہے جو نہ اگلی جا رہی ہے نہ ہی نگلی،ذرائع کے مطابق جاز(JAZZ) کے نئے ڈیجیٹل سسٹمز اپ گریڈیشن کی وجہ سے صارفین کےمواصلاتی رابطے منقطع ہو گئے،نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے طویل اپ گریڈیشن نے جہاں جاز(JAZZ) کے قابل انجینئرزکی کارکردگی کا بھانڈا پھوڑ دیا ہے وہیں صارفین کو بھی مسلسل اذیت میں مبتلا کر دیا ہے،باوثوق ذرائع کے مطابق تاحال جاز(JAZZ) کی سروسز مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہیں خاص طور پرپوسٹ پیڈ صارفین (Post Paid Customers)کوبل کی ادائیگی اوربند موبائل نمبرز کی بحالی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے،جسکی وجہ سے مسلسل سروسز کی بندش ذہنی اذیت اور کوفت کا باعث بن چکی ہے ،اسکے علاوہ جاز(JAZZ) کے ان گنت نمبرز پر سروسز دستیاب نہیں،جاز(JAZZ) موبائل نمبرآن ہونے کے باجود نمبر ڈائل کرنے والے کو آڈیو پیغام سننے کو مل رہا ہے کہ “آپکے مطلوبہ نمبر سے رابطہ ممکن نہیں “یا پھر سننے کو ملے گا کہ “آپ کی درخواست پر اس وقت عمل نہیں ہو سکتامزید مدد کے لیے برائے کرم 111 پر رابطہ کریں۔”اہم بات یہ ہے کہ گزشتہ آٹھ ایام سے جاز(JAZZ) کی ہیلپ لائن 111پر بات کرنا ناممکن ہو چکا ہے،کئی گھنٹوں جتن کرنے کے بعد اگر خوش قسمتی سے جاز(JAZZ) کے نمائندہ سے صارفین کی بات ہو جائے تو وہ سسٹم کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے مناسب جواب دینے یا راہنمائی کرنے کی بجائے معذرت خواہانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے کال کو منقطع کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں یا جاز(JAZZ) انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے صارفین کے حقوق کی دھجیاں بکھیرتے ہیں،اہم بات یہ ہے کہ ہیلپ لائن111 پر کال ملاتے ہی صارف کو ہر صورت میں 72 پیسے چارجز ادا کرنا پڑتے ہیں،جسکے بعد اگرصارف کو جاز(JAZZ) کے نمائندہ سے بات کرنا ہو گی تو مزید 2 روپے 14 پیسے کی ادائیگی معمولی حالات میں کرنا ہوگا،غیر معمولی حالات میں جیسے کہ ان دنوں پاکستان کی سب سے بڑی سیلولر کمپنی ہونے کی دعویدار جاز(JAZZ) اپنا سسٹم اپ گریڈ کر رہی ہے تو جاز انتظامیہ کی غفلت اور لاپرواہی کا خمیازہ صارفین بھگت رہے ہیں،اربوں روپے صارفین سے بٹورنے والی جاز(JAZZ) سیلولر کمپنی نے سسٹم کی اپ گریڈیشن کے دوران صارفین کی جیبیں کاٹنا نہیں چھوڑیں اورہیلپ لائن کی کال مفت کرکے عوام کو ریلیف دینے کے بارے میں سوچنا بھی گوارہ نہیں کیابلکہ دیدہ دلیری کے ساتھ صارفین کے حقوق کوغصب کرنے کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اپنے جرم کی سزا صارفین کودی جارہی ہے،اس حوالے سےرابطہ کرنے پر جاز(JAZZ) کے ترجمان خیام صدیقی اپنے گزشتہ روز کے موقف پر ڈٹے رہے اورانکا کہنا تھا کہ جاز(JAZZ) کی تمام سروسز بحال ہیں کہیں اگر کوئی مسئلہ آرہا ہے تو اسے ہماری ٹیکنکل ٹیمز دیکھ رہی ہیں،صارفین کی شکایات پرازالہ کیا جارہا ہے، تاہم سروسز کی مکمل بحالی اور صارفین کے حقوق کے استحصال کے حوالے سے جاز(JAZZ) انتظامیہ کے پاس کوئی واضح جواب نہیں جس سے سیلولر کمپنیوں کے ریگولیٹراورصارفین کے حقوق کے محافظ ادارے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی کارکردگی پر کئی سوال اٹھتے ہیں اوریہ بات بھی واضح ہوتی ہے کہ پی ٹی اے کی جانب سے سیلولر کمپنیوں کو کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہے انہیں پوچھنے والا کوئی نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں