ملکی سیلولرکمپنیوں کی تاریخ کا طویل بریک ڈائون،9روز بیت گئے ،جاز(JAZZ) سروسز مکمل بحال نہ ہوئیں

جاز(JAZZ)نے صارفین سے دعوے،وعدے وفا نہ کئے،اپنی ناکامیوں کے اعتراف کی بجائے اپنی کوتاہیوں کو چھپا کر انکا ملبہ صارفین پر ڈالنے میں لاثانی
جاز(JAZZ)نے سروسز کے حوالے سے صارفین کو درپیش مسائل اورشکایات کا تدارک کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپائو پالیسی پر عمل کرنا شروع کردیا ہے
جاز(JAZZ)کا9روزسے نئے ڈیجیٹل سسٹمزکی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن کے نام پر صارفین سے سوتیلی ماں جیسا سلوک،کوئی پوچھنے والا نہیں
جاز کےغیرسنجیدہ اورصارفین کے استحصالی رویے پرسیلولر کمپنیوں کے ریگولیٹر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے آنکھیں موند لیں، صارفین تشویش میں مبتلا
اسلام آباد(سی این پی)پاکستان میں سیلولر کمپنیوں کی تاریخ کا طویل بریک ڈائون ،9روز گزرنے کے بعد بھی جاز(JAZZ)کی سروسز مکمل طور پر بحال ہوسکیں اور نہ ہی جاز(JAZZ)اپنے صارفین سے کئے دعوے اور وعدے وفا کر سکا ہے ،اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرنے کی بجائے اپنی کوتاہیوں کو چھپا کر انکا ملبہ صارفین پر ڈالنے میں جاز(JAZZ) کا کوئی ثانی نہیں ہے،پاکستان کی سب سے بڑی سیلولر کمپنی ہونے کی دعویدار جاز(JAZZ)نے صارفین کے حقوق کی دھجیاں بکھیر دیں ،کوئی پوچھنے والا نہیں ،ریگولیٹر کی معنی خیز خاموشی سے کئی سوالات جنم لینے لگے، جاز(JAZZ)نے سروسز کے حوالے سے صارفین کو درپیش مسائل اور شکایات کا تدارک کرنے کی بجائے ڈنگ ٹپائو پالیسی پر عمل کرنا شروع کردیا ہے،گزشتہ نو روز سے جاز(JAZZ) کی جانب سے نئے ڈیجیٹل سسٹمز کی منصوبہ بندی سے اپ گریڈیشن کے نام پر صارفین سے سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جارہا ہے جسکی وجہ سے صارفین ذہنی کوفت اور اذیت کا شکار ہوکر رہ گئے ہیں ،روزانہ کی بنیاد پر اپنی جیب سے ادائیگی کرکے ہیلپ لائن پر کال کرنے والے صارفین کو جاز(JAZZ)کے نمائندوں سے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر خاصی تشویش پائی جارہی ہے،اسکے علاوہ شکایات کے حوالے سے اگر جاز(JAZZ) کو ای میل کی جائے تو ای میل کے جواب اور شکایات کے ازالے کے حوالے سے لیت و لعل سے کام لینا شروع کر دیاہے ،اگر کوئی صارف بذریعہ ای میل اپنی شکایت درج کروائے تو خود کار جواب کے نظام کے تحت صارف کو موصول ہونے والی ای میل میں جاز(JAZZ) انتظامیہ کی طرف سے پیغام لکھا ہوتا ہے کہ “جاز(JAZZ)کی طرف سے سلام!آپ کاای میل کرنے کیلئے شکریہ ،ہمیں امید ہے کہ ہمارا جواب آپکو گھر پر مل جائے گا،اپنے آپ کو اور اپنے آس پاس والوں کو محفوظ رکھیں۔براہ کرم اسے ایک تصدیق کے طور پر سمجھیں کہ آپ کی ای میل موصول ہو گئی ہے اور ہماری کسٹمر سپورٹ ٹیم کا ایک رکن 72 گھنٹوں کے اندر آپ کے سوال کا جواب دے گا۔” واضح رہے کہ جاز(JAZZ)کا یہ خود کار جواب کرونا کے دوران لاک ڈائون کے دنوں کا ہے جب حکومت کی جانب سے دفاتر اور عملے کو محدود اور صارفین کو آن لائن شکایات درج کروانے کیلئے ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ مگر اس خودکار پیغام کے الفاظ کو بھی تبدیل کرنے کی زحمت گوارہ نہیں کی گئی جاز(JAZZ) اس حد تک صارفین کے حقوق کو نظر انداز کر رہا ہے کہ شکایات کو نہ صرف غیر سنجیدگی کیساتھ لیا جارہا ہے بلکہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جاز کے غیر سنجیدہ اور صارفین کے استحصالی رویے پر سیلولر کمپنیوں کے ریگولیٹر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے)نے آنکھیں موند رکھی ہیں جسکی وجہ سے صارفین میں خاصی تشویش پائی جارہی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں