جاز(JAZZ)نے صارفین کو سہولیات اور خدمات کی بلاتعطل فراہمی کی ذمہ داری سے منہ موڑ لیا

26روزسے جاز(JAZZ) کی منصوبہ بندی سے شروع ہونے والی سسٹمز کی اپ گریڈیشن مکمل ہوئی اور نہ ہی جازنے صارفین کے حقوق کو کچلنے کی روش ترک کی
جاز(JAZZ) کی 111ہیلپ لائن، آفیشل ٹوئٹر ہینڈل اور فیس بک پیج پر صارفین کی ان گنت شکایات کاازالہ نہ ہونے سے جاز کی غیر سنجیدگی صاف عیاں ہے
جاز(JAZZ) اپنے صارفین کو مسائل کی دلدل میں دھکیل کرکے انکی جیبیں کاٹنے میں مصروف عمل ،سیلولر کمپنیزکی ملکی تاریخ میں صارفین کے استحصال کی کوئی مثال موجود نہیں
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)کاجاز(JAZZ)کیلئے نرم گوشہ مگر صارفین کے مسائل سے چشم پوشی کی وجہ سے جاز صارفین میں خاصا اضطرب پایا جاتا ہے

اسلام آباد(سی این پی)جاز(JAZZ)نے صارفین کو سہولیات اور خدمات کی بلاتعطل فراہمی کی ذمہ داری سے منہ موڑ لیا ،صارفین کی جانب سے شکایات کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ،مگر کہیں کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ہے ،جاز(JAZZ) کی منصوبہ سے ڈیجیٹل سسٹمز کی اپ گریڈیشن 2نومبر سے شروع ہوئی جسکی تکمیل 4نومبر کوہونا تھی ،26روز گزرنے کے باوجود نہ تو منصوبہ بندی سے شروع ہونے والی سسٹمز کی اپ گریڈیشن مکمل ہوئی اور نہ ہی جاز(JAZZ) نے صارفین کے حقوق کو کچلنے کی اپنی روش ترک کی ۔روزانہ کی بنیادوں پر 111ہیلپ لائن،جاز(JAZZ) کے آفیشل ٹوئٹر ہیڈل اور فیس بک پیج پر صارفین کی ان گنت شکایات پر جاز(JAZZ) انتظامیہ کی غیر سنجیدگی صاف عیاں ہوتی ہے کہ جاز(JAZZ) انتظامیہ پاکستان میں سیلولر کمپنیوں کی تاریخ کے طویل ترین اہم معاملے کو حل کرنے میں نہ صرف بری طرح ناکام ہے بلکہ صارفین کو مسائل کی دلدل میں دھکیل کرکے بھی انکی جیبیں کاٹنے میں بھی مصروف عمل ہے ۔ملکی تاریخ میں کسی سیلولر کمپنی کی جانب سے صارفین کے استحصال کی ایسی کوئی مثال موجود نہیں ہے ،روزانہ کی بنیادوں پر کروڑوں صارفین جاز(JAZZ)کی اپ گریڈیشن سے پریشان 111ہیلپ لائن پر کال کرتے ہیں تاکہ انکے دکھوں کا مدوا ہو سکے ،طویل انتظار اور کرب سے گزر کراگر خوش قسمتی سے انکی بات جاز(JAZZ) کے نمائندے سے ہو جائے تو کوئی خاطر خواہ جواب ملنے کی بجائے معذرت خواہانہ پیغام اور تعاون کرنے کی اپیل کی جاتی ہے ۔سیلولر کمپنی جاز(JAZZ)اپنی نااہلی اور غفلت کا خمیازہ صارفین پر ڈال کر ہرروزہیلپ لائن کی کال کی مد میں صارفین کی جیبوں سے کروڑوں روپے بٹوررہی ہے اور انکی شکایات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک رہی ہے ۔جس پر صارفین کے حقوق کا محافظ ادارہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) معنی خیز چپ سادھے اپنی ذمہ داریوں سے منہ موڑے بیٹھا ہے ۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جاز کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے عاجز صارفین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی اے )کو آپریٹر جاز(JAZZ)کے خلاف شکایت درج کرواتے ہیں تو پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) کی طرف سے پیغام موصول ہوتا ہے کہ معززصارف آپ کی شکایت ہمارے پاس کامیابی کے ساتھ درج کی گئی ہے۔ آپ کی رجسٹرڈ شکایت کو مقررہ وقت میں حل کر دیا جائےگا۔مگر وہ مقررہ وقت کب ختم ہوتا ہے اس حوالے سے کچھ نہیں بتایا جاتا ہے ۔ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے)کاجاز(JAZZ)کیلئے نرم گوشہ مگر صارفین کیلئے نرم گوشہ نہ ہونے کی وجہ سے جاز صارفین میں خاصا اضطرب پایا جاتا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں