بھارت لائن آف کنٹرول پر ممنوعہ ہتھیار استعمال کررہا ہے

مظفرآباد(سی این پی) آزاد کشمیر کے وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارت لائن آف کنٹرول پر ممنوعہ ہتھیار استعمال کررہا ہے، کلسٹر اور کھلونا بموں کا استعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے آج 3قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، کشمیر اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج جنگی جرائم کا ارتکاب کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت ایل اوسی پرممنوعہ ہتھیار استعمال کررہاہے، کلسٹراور کھلونا بموں کااستعمال عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے، ایل او سی پربھارتی فوج معصوم شہریوں کوٹارگٹ کررہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایل اوسی پرگڑبڑ سے کشمیرکے حالات سے توجہ ہٹائی نہیں جاسکتی، پاکستانی قوم،سیاسی جماعتیں،کشمیر سے متعلق ایک نقطے پر متفق ہیں۔یاد رہے کہ بھارتی فوج نے راولاکوٹ کے نیزہ پیر سیکٹر پر گولہ باری کی، دشمن فوج کا فائر کردہ مارٹر گولہ ایک مکان پر گرا جس کے باعث 10 سالہ حیدر، گیارہ سالہ مریم اور غلام محمد شہید ہوئے، تینوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔علاوہ ازیں بھارتی فوج کی فائرنگ سے آمنہ بی بی، سفینہ بی بی اور نصیب جان زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں