قازقستان، پٹرولیم قیمتوں میں اضافے پر عوامی احتجاج، وزیراعظم نے استعفیٰ دیدیا

نورسلطان(سی این پی)قازقستان کے وزیراعظم عسکر مامن نے پٹرولیم قیمتوں کے خلاف احتجاج پر صدر قاسم جومارت کو استعفی پیش کر دیا جسے قبول کرتے ہوئے صدر نے کابینہ برطرف کر دی۔رپورٹ کے مطابق قازقستان میں 2 جنوری کو پٹرولیم قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے تھے، پرتشدد مظاہروں میں اب تک 95 سے زائد پولیس اہلکار زخمی اور 200 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دارالحکومت الماتے سمیت کشیدہ صورتحال کے شکار شہروں میں 17 جنوری تک ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔مظاہرین نے قیمتوں میں نصف سے زیادہ کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت کے گھر جانے تک احتجاج کا سلسلہ جاری رکھنے کا الٹی میٹم دیا تھا۔ بحران پیدا ہونے پر صدر قاسم جومارت نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس کے بعد عسکر مامن نے اپنا استعفی صدر کو پیش کر دیا جسے قبول کرکے کابینہ تحلیل کر دی گئی۔قازقستانی صدر کے تازہ بیان کے مطابق قائم مقام کابینہ تشکیل دیدی گئی ہے جسے پٹرولیم قیمتوں سمیت مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں