کورونا کیسز میں اضافہ، اسکول بند کرنے کا فیصلہ

ریاض(سی این پی) سعودی دارالحکومت میں کورونا کیسز کی بڑھتی صورت حال کے پیش نظر اسکول بند کرکے آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق مملکت کے دارالحکومت ریاض میں کووڈ 19 کے کیسز میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث متعدد اسکول انتظامیہ آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کررہے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسکولوں کے پرنسپلز نے صوابدیدی اختیارات استعمال کرتے ہوئے اسکول بند کرنے اور تعلیم آن لائن شروع کرنے کا فیصلہ اپنے طور پر کیا ہے۔ادھر سعودی وزارت تعلیم تمام پرنسپلز کو اس حوالے سے یہ اختیار دیے ہوئے ہے کہ اگر کسی اسکول میں توجہ طلب حد تک کورونا وائرس کے کیسز ریکارڈ پر آجائیں تو وہ آن لائن تعلیم کا آغاز کرسکتے ہیں۔ایسی صورت میں پرنسپل، طلبہ و طالبات، اساتذہ و استانیوں اور اسکول عملے کی صحت و سلامتی کی خاطر آن لائن تعلیم کا فیصلہ ممکن ہے۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے وزارت تعلیم نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے آن لائن ایجوکیشن کیلئے مدرستی کے عنوان سے پروگرام شروع کیا تھا جو کافی کامیاب رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں