سانحہ مری،پنجاب حکومت کا اہم ترین فیصلہ

لاہور(سی این پی) پنجاب حکومت نے سیاحتی مقام مری کو ڈیجیٹل وسائل سے آراستہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مری کو ڈیجیٹلائزکرنے، سیاحوں کی سہولیات کیلئے ورلڈبینک حکام نے پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور سے ملاقات کی۔حکومتی سیاحتی کمیٹی کی جانب سے حسان خاور نے اپنی سفارشات پیش کیں، کمیٹی نے ورلڈبینک کے پراجیکٹ کے تحت مری ڈیجیٹلائزیشن پر فوری اقدامات کی سفارش کی۔ذرائع کے مطابق کمیٹی نے سفارش کی کہ مری ماسٹر پلان 2012 سے اہم نکات پرعملدرآمد کیاجائے، جس پر پنجاب حکومت نے مری ایپ لانچ کرنیکا فیصلہ کیا ہے، ایپ کے ذریعے شہری سفر سے پہلے ٹریول ایڈوائزری حاصل کرسکیں گے۔ملاقات میں ورلڈبینک نے مری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے حکومتی ترجیحات کی حمایت کی۔واضح رہے کہ 10 جنوری کو وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے مری کو پنجاب کا نیا ضلع کوہسار بنانے کی اصولی منظوری دی تھی، کوٹلی ستیاں اور دیگر سیاحتی مقامات کو اس کے ساتھ ملا کر ضلع کوہسار بنایا جائے گا۔جس میں کہا گیا کہ مجوزہ ضلع کی مکمل حد بندی کی جائے گی اور سیاحتی مقام ہونے کے باعث تمام ممکنہ سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ ضلع کوہسار کی حد خیبر پختونخوا تک کرنے کی تجویزبھی دی گئی۔مری اور کوٹلی ستیاں کو ملا کر نیا ضلع کوہسار بنانے کے معاملے پرسنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو اور کمشنر راولپنڈی کو نئے ضلع کی حد بندی کی ہدایت کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں