وزیراعظم عمران خان کا توہین رسالت کے خلاف صدر پیوٹن کے بیان کا خیر مقدم

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم عمران خان نے توہین رسالت کے خلاف صدر پیوٹن کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا پیوٹن پہلے مغربی رہنما ہیں جنہوں نے مسلمانوں کے جذبات کا احساس کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا روس کے صدرولادی میرپیوٹن سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، جس میں دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون،علاقائی اوربین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔رابطے میں وزیراعظم نے توہین رسالت کے خلاف صدر پیوٹن کے بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا آزادی اظہاررائے گستاخی کابہانہ نہیں ہوسکتا، پیوٹن پہلے مغربی رہنما ہیں جنہوں نے مسلمانوں کے جذبات کا احساس کیا۔عمران خان نے کہا پاکستان کے روس کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بہتری کی جانب گامزن ہیں، تجارتی واقتصادی تعلقات اورتوانائی کے تعاون پرتوجہ مرکوزکی گئی ہے۔پاک روس قیادت نے گیس پائپ لائن منصوبے کی جلدتکمیل کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے اعلی سطح کے تبادلے بڑھانے اور افغانستان سے متعلق معاملات پر قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔وزیراعظم نے کہا پرامن اورمستحکم افغانستان علاقائی استحکام کے لیے اہم ہے، افغانستان کوسنگین انسانی اورمعاشی چیلنجزکاسامناہے ، افغانستان کے عوام کے لیے بین الاقوامی برادری کی حمایت اہمیت کی حامل ہے۔وزیراعظم نے افغانستان کے مالیاتی اثاثوں کے اجرا کی اہمیت پر بھی زوردیا جبکہ دونوں رہنمائوں نے ایک دوسرے کو پاکستان اور روس کے دورے کی دعوت دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں