پاکستانی ٹرک آرٹ سے سجا برطانیہ کا پہلا چائے اڈہ

لندن(سی این پی) ایک نوجوان پاکستانی کاروباری شخص برطانیہ میں ایک چائے اڈہ کیفے شروع کرنے والا پہلا شخص بن گیا ہے جو ادائیگی کے لیے مختلف کرنسیاں قبول کرتا ہے۔26 سالہ طیب شفیق نے شیفرڈز بش، ویسٹ لندن میں ویسٹ فیلڈ کے باہر چائے اڈہ کافی شاپ قائم کی ہے جہاں مختلف قسم کی پاکستانی اور ایشیائی چائے، پراٹھے، بریانی، کباب اور رول فروخت کیے جاتے ہیں۔ٹرک آرٹ سے مزین اور وائٹ سٹی بس اسٹیشن کے بالکل ساتھ واقع چائے اڈہ فوری طور پر مقبول ہو گیا ہے کیونکہ باہر پاکستانی ٹرک آرٹ میں سجی ہوئی رنگ برنگی کرسیاں رکھی گئی ہیں جو عوام کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا رہی ہیں۔واضح رہے کہ طیب شفیق وہی شخص ہے جو برطانیہ میں اس وقت اخبارات کی سرخیوں میں آیا جب اس نے مشہور سرخ فون باکس کا استعمال کرتے ہوئے لندن میں بریانی کیفے کھولا۔ بعد ازاں طیب شفیق کو مقامی کونسل اور انگلش ہیریٹیج کی جانب سے ریگولیٹری مسائل کی وجہ سے ٹیک ا وے سروس جاری رکھنے کی اجازت نہ ملنے کے باعث فون باکس کا کاروبار بیچنا پڑا۔طیب شفیق نے اب ایک اور منفرد اقدام کیا ہے جوکہ پہلے سے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر شروع کیا ہے۔نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے طیب شفیق نے کہا کہ وہ اپنے کیفے کے کھلنے کے ایک ہفتے کے اندر کسٹمرز کی جانب سے ملنے والے ردعمل سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔طیب شفیق کی دکان کی چھت کو پاکستانی ٹرک آرٹ کی طرز پر سجایا گیا ہے جبکہ کرسیاں اور میزیں لاہور سے لائی گئی ہیں اور ہر میز پر صارفین کے لیے لوڈو گیمز موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں