ایوان میں ن لیگ کی اکثریت ہے، چاہتے ہیں وہ وزیراعظم کا امیدوار لائیں، بلاول

پشاور(سی این پی)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) پارلیمنٹ میں اکثریت میں ہے اور چاہتے ہیں کہ وہ وزیراعظم کا امیدوار لائیں۔پشاور میں باچاخان مرکز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی ناراض اراکین سے رابطے کر رہی ہیں اور پیپلز پارٹی بھی ان کے ساتھ رابطے میں ہے اور یہی رابطے ہمیں عدم اعتماد میں کام آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ مہم چلارہے ہیں اور امید ہے کہ اسلام آباد پہنچتے ہی عدم اعتماد میں کامیابی ملے، اگر فورسز نیوٹرل ہیں تو کامیابی کے امکانات ہیں، جیتے تو ہماری کامیابی نہ جیتے تو پھر آئیں گے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اعتماد کا ماحول بحال کرنا ہوگا۔پی پی چیئرمین کا کہنا تھاکہ شہباز شریف سے جلد دوسری ملاقات ہوگی جس میں ٹیلی فون کالز سے متعلق معلومات لوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم وہ جماعت نہیں جو کسی دوسرے ادارے سے کہے انہیں نکالیں، ملک کو معاشی بحران کا سامنا ہے، اگر اپوزیشن حکومت کیخلاف نہیں نکلی تو عوام ناراض ہوجائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ جنوبی وزیرستان کے ایم این اے علی وزیر سندھ کی جیل میں ہیں اور اب ان کے کیسز زیر سماعت ہیں، پیپلز پارٹی کی حکومت میں پارٹی کے ممبران بھی جیل میں قید رہے، کچھ لوگ علی وزیر کی رہائی نہیں چاہتے، ان کے خاندان نے قربانیاں دی ہیں اور ہماری ہمدردیاں ان کے ساتھ ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ ملک مشکل میں ہے اور معاشی بحران ہے، 18 ویں آئینی ترمیم کو بھی خطرات لاحق ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں