بچوں کے مستقبل کیلئے ہرخاندان کو کم از کم 5 درخت لگانے ہیں ، وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا اور کہا بچوں کے مستقبل کیلئے ہرخاندان کو کم از کم 5درخت لگانے ہیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کردیا ، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسکائوٹس کے عالمی دن پر پاکستانی اسکائوٹس کو مبارکباددیتا ہوں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان ان 10ممالک میں ہے، جسے زیادہ موسمیاتی تبدیلی سے خطرہ ہے، درخت ہم اپنے مستقبل کو محفوظ کرنے کیلئے لگا رہے ہیں۔عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں سے کہتا ہوں سب نے درخت لگانے کی ذمہ داری لینی ہے، بچوں کے مستقبل کیلئے والدین سے بھی کہتا ہوں ہرخاندان 5 درخت لگائے۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے پاکستان کو بیشمار نعمتیں اور 12موسم دیئے ہیں، پاکستان میں ہر قسم کا پودا اور پھل لگ سکتاہے، ہمیں اللہ کی نعمتوں کی قدر کرنا ہوگی ، اللہ نے جوہمیں زمین دی ہے اس کو صحیح معنوں میں استعمال کرناہے۔وزیراعظم نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اللہ کی نعمتوں کاصحیح استعمال نہ کرنے کی وجہ سے ہے، اسپرنگ پلانٹیشن کے تحت 54کروڑ پودے لگائے جائیں گے، ہمارا اصل ہدف 10ارب درخت ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے انگریز نے جو جنگلات لگائے ہم نے اسے بھی تباہ کردیا، شجرکاری مہم اپنے ملک اور آنیوالی نسلوں کے مستقبل کی حفاظت ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی موحولیاتی آلودگی سے نمٹنے کی کوشش کو دنیا نے سراہا، ہم نے اپنی آنے والی نسلوں کو محفوظ مستقبل دینا ہے اور قوم کو احساس دلانا چاہتا ہوں ہمارامستقبل ہمارے ہاتھ میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں