ماہی گیروں کا احتجاج، بندرگاہ پرجہازوں کی آمد ورفت بند

کراچی(سی این پی) وزارت میری ٹائم اور ماہی گیروں کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے جس کے بعد ماہی گیروں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے بندرگاہ و آئل ٹرمینل کو 21گھنٹے سے بند کیا ہوا ہے۔اس حوالے سے تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ماہی گیروں نے اپنی لانچیں سمندر میں کھڑی کرکے چینل بند کیا ہوا ہے، دوپہر دو بجے کے بعد سے کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد ورفت بھی بند ہے۔مشیر میری ٹائم افیئر محمود مولوی نے میڈیا کو بتایا کہ صبح دوبارہ مذاکرات کیے جائیں گے، سندھ اور بلوچستان کی ماہی گیری کے شعبے کا معاملہ ہے، مسئلے کے حل کیلئے سندھ، بلوچستان حکومت سے بھی رابطے میں ہیں۔مشتعل ماہی گیروں کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک چینل نہیں کھولیں گے، ماہی گیروں کی جانب سے احتجاج ختم کرنے کیلئے تحریری ضمانت کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔مشیر میری ٹائم افیئر محمود مولوی کا کہنا ہے کہ وقتی احتجاج ختم کیا جائے، فریقین سے گفتگو کیلئے ایک ہفتے کا وقت دیا جائے۔ماہی گیر رہنمائوں نے کہا ہے کہ سندھ کے ماہی گیروں کو بلوچستان نہیں جانے دیا جارہا، بلوچستان کے ماہی گیر بھائی کراچی میں مچھلی فروخت کرتے ہیں۔رہنمائوں کے مطابق صوبوں میں18 ویں ترمیم کا غلط فائدہ اٹھایا جا رہا ہے، مسئلے کے حل کیلئے عدالت بھی جانا پڑا تو جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں