عمران نیازی کالے قانون کو مخالفین کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں، مریم اورنگزیب

اسلام آباد(سی این پی)مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جو حکومت کو آئینہ دکھائے یہ اسے دن دیہاڑے گولیاں مارتے ہیں یا اٹھا کر تشدد کرتے ہیں، عمران نیازی کالے قانون کو مخالفین کے خلاف استعمال کرنا چاہتے ہیں، آئین کے تحفظ کیلئے ہر قدم اٹھائیں گے۔ترجمان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئین اور قانون ہر شخص کو اظہار آزادی اور معلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے مگر عمران خان کی حکومت مخالفین اور میڈیا کی آواز کو دبانے کے لیے آرڈیننسز لا رہی ہے، صدارتی آرڈیننس کے ذریعے پیکا قوانین میں ترامیم کالا قانون ہے۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سیاسی مخالفین کے لیے نیب کو استعمال کیا، اب میڈیا کی آزادی سلب کرنے کے لیے ایف آئی اے کو استعمال کیا جا رہا ہے، حکومت کے ہر کالے قوانین کا مسلم لیگ ن عدالتوں میں مقابلہ کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں