پیٹرول اور بجلی قیمتوں میں کمی کے بعد گیس کی قیمتوں میں اضافہ

اسلام آباد (سی این پی)اوگرا نے گیس کی اوسط قیمت میں16.37 فیصد تک اضافہ کردیا، گیس قیمت میں اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد ہوگا۔تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے گیس کی اوسط قیمت میں 16.37 فیصد تک اضافے کی منظوری دے دی۔اس حوالے سے اوگرا نے بتایا کہ سوئی ناردرن کیلئے گیس قیمت میں94روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافہ کیا گیا اور گیس کی اوسط قیمت 670 روپے37پیسے مقرر کردی گئی ہے۔اوگرا کا کہنا تھا کہ سوئی سدرن کیلئے گیس کی اوسط قیمت میں6.32فیصد اضافے کی منظوری دی ، سوئی سدرن کیلئے اوسط قیمت 50 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو اضافے کے بعد 829روپے48پیسے فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کردی۔ترجمان نے بتایا کہ گیس اوسط قیمت میں اضافے کااطلاق یکم جولائی2022سے نافذالعمل ہو گا تاہم گیس قیمت میں اضافے کا اطلاق وفاقی حکومت سے منظوری کے بعد کیا جائے گا۔یاد رہے دو روز قبل اوگرا نے مارچ کے لیے ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ایک روپے 27 پیسے کا اضافہ کیا تھا۔اوگرا کی جانب سے قیمت میں اضافے کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 233روپے78پیسے مقرر کی گئی تھی ، قیمت میں اضافے سے ایل پی جی کا 11.8کلو کا گھریلو سلنڈر 318 روپے 74 پیسے مہنگا ہوگیا اور نئی قیمت 2758 روپے67 پیسے ہوگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں