پی پی نے صرف کرپشن اور چوری کے ٹیکے لگائے، علی زیدی

کراچی(سی این پی)پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی زیدی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے پورے صوبے میں صرف کرپشن اور چوری کے ٹیکے لگائے ہیں۔پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے سندھ حقوق مارچ سے خطاب کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ آصف علی زرداری نے اپنے بیٹے کو لانگ مارچ پر بھیج دیا ہے۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ ہم نے گھوٹکی سے مارچ شروع کیا اور اب سانگھڑ پہنچے ہیں، وزیراعلی سندھ سمیت سب ٹرک پر چڑھ گئے تو صوبہ کون چلارہا ہے؟انہوں نے کہا کہ سندھ کے اسپتال ایسے ہیں کہ وہاں بلاول ہائوس کے جانور بھی علاج نہ کرائیں، ہم نے ان کے رانگ مارچ کی طرح دکانیں بند نہیں کرائیں کہ کوئی ٹماٹر نہ مار دے۔پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ وزیر خارجہ اپنی وزارت اور وزیراعظم سے مسلسل رابطوں کے ساتھ ساتھ شاہ محمود قریشی یوکرین میں پھنسے پاکستانیوں کے اہل خانہ سے بھی رابطے میں ہیں۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ ماڈل ایان علی کے ذریعے قوم کا پیسہ لوٹ کر ملک سے باہر بھیجا جارہا تھا، جس کسٹم افسر نے ایان علی کو پکڑا تھا اس کی گواہی سے پہلے اسے شہید کردیا گیا۔انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کمیٹی کے چیئرمین کی حیثیت سے بلاول زرداری اس کسٹم افسر کے گھر نہیں گیا، بلاول ام رباب کے گھر بھی نہیں گیا، نوابشاہ میں 5لوگ مرے مگر بلاول وہاں بھی نہیں گیا۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سول اسپتال علاج کرانے کے قابل نہیں ہے یہ 15سال سے کیا جھک مار رہے ہیں، گھوٹکی سے نکلے تو سندھ بھر میں صرف غربت اور مظلومیت ہی دیکھی۔علی زیدی کا کہنا تھا کہ پی پی نے صرف کرپشن اور چوری کے ٹیکے لگائے ہیں، سندھ کے باشعور عوام میں جتنا صبر ہے اتنا مجھ میں نہیں، ہم نے سندھ میں زرداری مافیا کے خلاف علم بغاوت بلند کرنا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں