مارکیٹنگ کمپنیاں غیر قانونی ہائوسنگ کے دھندے کی آلہ کار بن گئیں

کوئی روک ٹوک نہ پوچھ گچھ ،کمپنی بنائو،چرب زبان لڑکے اور لڑکیاں فرنٹ ڈیسک پر بٹھائو،عوام کو سہانے سپنے دکھائو اور نوٹ کمائو
عوام کی جیبوں سے پیسے نکالے کی ماہر مارکیٹنگ کمپنیاںمحفوظ سرمایہ کاری اورنہ ہی منصوبے کی عدم تکمیل پر سرمایہ کی واپسی کی ضامن ہوتی ہیں
فرضی ہائوسنگ سوسائٹیاں بنا کر انکی فائلیں بیچ کر راتوں رات اربوں روپے بٹورنے والوں کو متعلقہ اداروں نے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے

اسلام آباد(ایچ ملک سے) گزشتہ دو دھائیوں سے نجی ہائوسنگ سوسائٹیوںکا رجحان بڑھتاجارہا ہے جس کے بعد بے گھر افراد نے آسان اقساط پر پلاٹ کے حصول کیلئے نجی ہائوسنگ سوسائٹیوں کا رخ کیا ۔جعلی ہائوسنگ مافیا اور نوسرباز وں کو کاغذی پلاٹوں کی فروخت کیلئے مارکیٹنگ کمپنیوں کی سہولت کاری درکار ہوتی ہے ،مارکیٹنگ کمپنیاں اپنے چند ٹکوں کے کمیشن کے حصول کیلئے عوام کے جمع پونجی اور مستقبل کو دائو پر لگا دیتی ہیں ان پر یہ کہاوت صادر آتی ہے کہ” یہ اپنے پائو گوشت کیلئے بھینس ذبح کر دیتے ہیں “شتر بے مہار مارکیٹنگ کمپنیاں ہائوسنگ کے غیر قانونی دھندے کا آلہ کار بن گئی ہیں،مٹی کو سونا دکھا کر فروخت کرنے والوں نے اربوں روپے عوام سے لوٹ لئے ،عوام کو اپنا پلاٹ ،اپنا گھرکے سہانے سپنے دکھا کر لوٹنے میں اہم کردار ادا کرنے والی مارکیٹنگ کمپنیوں کو پوچھنے والا کوئی نہیں ،ہائوسنگ سیکٹر کی کالی بھیڑوں نے اس صنعت کو دنیا بھر میں نہ صرف بدنام کر رکھا ہے بلکہ غیرقانونی سے پیسے کمانے والوں اور بلیک منی کو وائٹ کرنے والوں نے اس صنعت کو ہتھیار بنا لیا ہے ،نوسرباز مافیا نے مارکیٹنگ کے نام پر عوام سے پیسے ہتھیانے کا آسان حل ڈھونڈ نکالا ہے۔فرضی ہائوسنگ سوسائٹیاں بنا کر انکی فائلیں بیچ کر راتوں رات اربوں روپے بٹورنے والوں کو متعلقہ اداروں نے کھلی چھوٹ دے دی ،کوئی روک ٹوک نہ پوچھ گچھ ،کمپنی بنائو،چرب زبان لڑکے اور لڑکیاں فرنٹ ڈیسک پر بٹھائو،عوام کو سہانے سپنے دکھائو اور نوٹ کمائو کی پالیسی پر عمل پیرامارکیٹنگ کمپنیاں صرف عوام کی جیب سے پیسے نکالے کی ماہر ہیں ،محفوظ سرمایہ کاری کی ضمانت اور نہ ہی منصوبے کی عدم تکمیل پر سرمایہ کی واپسی میں کوئی کردارہے،اہم بات یہ ہے کہ مارکیٹنگ کمپنیاں منصوبے کی دلفریب اندازمیں ایسی منظر کشی کرتی ہیں کہ دیکھنے والا دنگ رہ جاتا ہے اور اسے مستقبل کا بہترین رہائشی منصوبہ تصور کر لیتا ہے،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ مارکیٹنگ مافیا عوام کی جیبیں کاٹنے اور انہیں اعتماد دلانے کیلئے معروف شخصیات اور شوبز کے ستاروں کو اشتہاری مہم کا حصہ بنا کرعوام کو منصوبے کی طرف راغب کرتے ہیں جبکہ معروف شخصیات اور شوبز سے تعلق رکھنے والے فنکاروں کو بھی منصوبے کے بارے حقائق کا علم نہیں ہوتا ہے۔ الفاظ کے گورکھ دھندے اور منصوبے کوعوام کے سامنے پیش کرنے کا منفرد انداز ہی مارکیٹنگ کمپنیوں کی مہارت ہے جسکی وجہ سے عام سادہ لوح شہری ان کے بچھائے جال میں پھنس جاتے ہیں اوراپنے گھر کے خواب کی تکمیل کیلئے خوشی خوشی اپنی زندگی کی جمع پونجی انکے سپر د کردیتے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں