بھارتی فوج کی ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے لانس نائیک سمیت 5 شہری شہید،پاک فوج کی جوابی کاروائی ، 9 بھارتی فوجی ہلاک، متعدد زخمی

راولپنڈی (سی این پی)فوج کےشعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈی جی میجر جنرل آصف غفورنے کہا ہے کہ پاک فوج ایل اوسی پرمعصوم شہریوں کی حفاظت جاری رکھے گی اور ایل اوسی کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائے گی، بھارتی فوج نے جورا، شاہ کوٹ اور نوسیری میں بلااشتعال فائرنگ پر پاک فوج کے منہ توڑ جواب کے بعد اپنے ہلاک فوجیوں کی میتیں اور زخمیوں کو اٹھانے کے لئے سفید جھنڈے لہرا دئیے، بھارت کو معصوم شہریوں کو نشانہ بناتے وقت فوجی اقدار کا خیال رکھنا چاہیئے تھا ۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان لانس نائیک زاہد اور 5 شہری شہید ہوگئے جب کہ دو سپاہیوں سمیت 5 شہری زخمی ہوئے جنہیں ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پاک فوج نے بھارتی اشتعا ل انگیزیوں کا موثر جواب دیا جس کے نتیجے میں 9 بھارتی فوجی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ کہ بھارت کی جانب سے مبینہ کیمپوں کونشانہ بنانے کے غلط دعوے کو جوازبنانے کے لئے معصوم شہریوں کونشانہ بنایا جا رہاہے لیکن بھارت کو سیز فائر خلاف ورزیوں کاہمیشہ منہ توڑ جواب ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج ایل اوسی پرمعصوم شہریوں کاتحفظ کرتی رہے گی اور ایل اوسی کی خلاف ورزی پر بھارتی فوج کو ناقابل برداشت نقصان پہنچائے گی۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ اقوام متحدہ کے مبصرین، ملکی، غیر ملکی میڈیا کو آزاد جموں کشمیر میں آزادانہ رسائی ہے جب کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں یہ آزادی نہیں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں