تمام طاقتیں اس کیس میں بے نقاب ہوچکی ہیں، شیخ رشید

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے قوم میں مایوسی کی لہر اٹھی ہے، تمام طاقتیں اس کیس میں بے نقاب ہوچکی ہیں۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوئی سمجھ رہا ہے کہ ہم ہتھیار پھینکنے جا رہے ہیں توایسا نہیں ہے، چوروں، لٹیروں اور ڈاکوئوں کے خلاف آخری بال تک لڑیں گے، امید ہے اچھے فیصلے آئیں گے ۔شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ 3 ماہ پہلے پتہ تھا کہ مسئلہ کیا ہے میں اس وقت بھی کہتا تھا استعفی دے دو، میں اس وقت کہتا تھا کہ ایمرجنسی، گورنر راج لگادو تو ٹھیک تھا اور آج میں یک زبان ہوکر کہتا ہوں کہ استعفی دے دینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی سمجھ رہا ہے قوم کو سمجھ نہیں آئی تو سن لے قوم کو سب سمجھ ہے، پہلے صحت کا بہانہ بنوا کر چوروں کو باہر بھگایا جاتا ہے، ہارجیت کا مسئلہ نہیں اس کیس میں ہر کوئی ایکسپوز ہوگیا۔شیخ رشید نے کہا کہ بڑی طاقتیں اسی طرح عدم اعتماد کرتی اور بندوں کو خریدتی ہیں، غیر ملکی طاقتیں پاکستان میں قوت مسلط کرنا چاہتی ہیں، یہ کرائے کے ٹٹو اور سامراجی سنڈیاں ہیں خارجہ پالیسی کو کھا جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں