سپریم کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر، مختلف بحران پیدا ہونگے،بیرسٹرسیف

پشاور(سی این پی)ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سرآنکھوں پر ہے لیکن موجودہ سیاسی صورتحال میں مختلف بحران پیدا ہوں گے۔سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کی رولنگ کالعدم قرار دینے، اسمبلیاں بحال اور تحریک عدم اعتماد برقرار رکھنے کے فیصلے پر ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر سیف نے اپنے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ سر آنکھوں پر ہے اور عدالت کا فیصلہ ماننے کے علاوہ اور کوئی حل بھی نہیں ہے لیکن موجودہ سیاسی صورتحال میں مختلف بحران پیدا ہونگے۔انہوں نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آرٹیکل 69،64 پر آیا، سندھ ہائوس میں آئین کی پامالی ہورہی تھی محترم جج صاحبان کم ازکم آرٹیکل63 پر بھی بات کرتے۔ترجمان کے پی حکومت کا کہنا تھا کہ انصاف کسی ایک پارٹی کیلئے نہیں ہوتا سب کیلئے ہوتا ہے، شاید شہباز شریف وزیراعظم بن جائے لیکن اب کرپشن، منی لانڈرنگ میں ملوث شخص وزیراعظم بنے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے 3 اپریل کی ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کو برقرار رکھا تھا۔عدالت نے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کابینہ کو بھی بحال کر دیا تھا۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے مختصر فیصلہ سناتے ہوئے نگراں حکومت کے قیام کیلئے صدر اور وزیراعظم کے اقدامات کو بھی کالعدم قرار دیتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے پہلے کی صورتحال بحال کر دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں