محسن انسانیت بلقیس ایدھی دنیائے فانی سے کوچ کر گئیں

کراچی(سی این پی)محسن انسانیت،معروف سماجی کارکن،ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن ، اور بانی ایدھی فاؤنڈیشن مرحوم عبدالستارایدھی کی زوجہ بلقیس ایدھی کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئیں۔ترجمان ایدھی کے مطابق بلقیس ایدھی عارضہ قلب سمیت دیگر امراض میں مبتلا تھیں اور وہ ایک ماہ سے علیل اور نجی ہسپتال میں زیر علاج تھیں۔ترجمان نے بتایا کہ بلقیس ایدھی کی نمازجنازہ اورتدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔بلقیس ایدھی معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی مرحوم کی اہلیہ تھیں اور عبدالستار ایدھی کے انتقال کے بعد وہ ایدھی فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن بنی تھیں۔بلقیس ایدھی نے 16 برس کی عمر میں عبدالستار ایدھی مرحوم کے نرسنگ اسکول سے نرسنگ کی تربیت حاصل کی۔ ان کی خدمات کے صلے میں حکومت پاکستان کی جانب ہلال امتیاز سے نوازا گیا جبکہ بھارت کی جانب سے 2015میں مدر ٹریسا ایوارڈ دیا گیا۔دوسری جانب وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بلقیس ایدھی کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ بلقیس ایدھی نے مرحوم عبدالستار ایدھی کے انسانیت کی خدمت کے مشن کو جاری رکھا۔انہوں نے بلقیس ایدھی کی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی بلقیس ایدھی کے انتقال پر گہرے دکھ اظہار کیا اور ان کی سماجی خدمات کو سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں