پارٹی سے منحرف اراکین اسمبلی کو تاحیات نااہل قرار دینے کی درخواست دائر

لاہور(سی این پی)پارٹی سے انحراف کرنے والے اراکین اسمبلی کو تاحیات نااہل قرار دینے کی درخواست دائر کر دی گئی ، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ آئین کسی بھی رکن اسمبلی کوپارٹی سے منحرف ہونے کی اجازت نہیں دیتا۔ آئین کے مطابق ووٹ پارٹی کی امانت ہے، جس میں خیانت نہیں کی جا سکتی۔درخواست اظہرصدیق کی جانب سے دائر کی گئی۔درخواست گزار نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ جمہوریت کے لیے کینسر اور زہر قاتل ہے، آئین کے مطابق اب کسی بھی سیاسی جماعت کا فارورڈ بلاک نہیں بن سکتا۔درخواست میں کہا گیا کہ پنجاب اسمبلی میں بدترین ہارس ٹریڈنگ کامظاہرہ کیاگیا، ہارس ٹریڈنگ سے اکثریتی پارٹی کو شکست دے کرحمزہ شہباز وزیراعلی بنے۔دائر درخواست میں کہا گیاہے کہ آئین کے تحت منحرف ہونے والے اراکین کے ووٹ گنے ہی نہیں جاسکتے، منحرف اراکین کی نااہلی تاحیات ہوتی ہے۔درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت آرٹیکل 63 اے کی تشریح کرے اور پارٹی سے انحراف غیرآئینی قراردے، عدالت پارٹی سے انحراف کرنے والے اراکین کو تاحیات نااہل قرار دے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں