بھارتی اشتعال انگیزی خطے کو جنگ کی جانب لے جائے گی، وزیراعظم آزاد کشمیر

مظفر آباد(سی این پی)وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر کا کہنا ہے کہ بھارتی اقدامات خطے کو جنگ کی جانب لے جائیں گے۔وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی مذمت کی۔راجا فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے نہتے شہریوں پر فائرنگ بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے ایل او سی پر5 کلو میٹر کے علاقے میں 6 لاکھ سے زائد آبادی ہے۔وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ اگر بھارتی اشتعال انگیزی کو نا روکا گیا تو اس طرح کے واقعات خطے کو جنگ کی جانب لے جائیں گے دوسری جانب سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز نے ایل اوسی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائزنگ کی مذمت کی۔سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال سے توجہ ہٹانے کے لیے بھارت نے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ سویلین آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ کا مبصر گروپ اس کا نوٹس لے۔شبلی فراز نے کہا کہ بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کا منہ توڑ جواب دینے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔خیال رہے کہ ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا ایک جوان اور 5 شہری شہید ہو گئے تھے۔پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی میں بھارتی فوج کے 9 اہلکار ہلاک اور کئی زخمی ہوئے جب کہ بھارتی فوجی بنکرز بھی تباہ ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں