اسلام آباد میں سکیورٹی انتظامات شروع، ڈی چوک خاردار تاریں اور کنٹینر لگا کر بند

اسلام آباد(سی این پی)تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج اور دھرنے کے پیش نظر اسلام آباد انتظامیہ نے سکیورٹی انتظامات شروع کردیے، ڈی چوک کو خاردار تاریں اور کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں نے اپنے سیاسی مطالبات منوانے کیلئے پنجاب سے وفاق کارخ کیا ہے، کسی بھی ممکنہ لاء اینڈ آرڈر صورتحال سے نمٹنے کیلئے ریڈ زون کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد میں ریڈ زون کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے، شہر میں دفعہ 144 نافذ ہے، خلاف ورزی کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں سکیورٹی کیلئے اسلام آباد پولیس نے صوبوں سے پولیس، رینجرز اور ایف سی کے تیس ہزار اہلکار مانگ لیے، اسلام آباد کے داخلی راستوں پر سیکڑوں کنٹینرز لگانے کے ساتھ خندقیں بھی کھودی جائیں گی۔ذرائع کے مطابق اضافی آنسو گیس کے شیل اور آنسو گیس پھینکنے والے ڈرونز بھی منگوائے جائیں گے، جبکہ ایف سی کے تین ہزار اہلکار اسلام آباد پہنچ چکے ہیں۔دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا نے ابھی تک نفری دینے کا فیصلہ نہیں کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں