فواد چوہدری کی عمران خان کے وکیل پر تنقید، ججز کو بھی مشورہ دے ڈالا

اسلام آباد(سی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اپنی ہی جماعت کے سربراہ عمران خان کے وکیل حامد خان پر برس پڑے۔خاتون جج کو دھمکی دینے پر توہین عدالت کیس کی سماعت آج چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں ہو گی۔عدالت کی جانب سے مواقع دینے پر بھی عمران خان نے نہ عدالت میں معافی مانگی اور نہ تحریری جواب میں معافی کا کوئی تذکرہ کیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے 5 رکنی بینچ نے عمران خان کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے فردِ جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔سماعت کے دوران جب ایڈووکیٹ جنرل جہانگیر جدون نے بتایا کہ فواد چوہدری نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کو معافی مانگنی چاہیے، جس پر حامد خان نے جواب دیا کہ ہمارا فواد چوہدری کے بیان سے کوئی تعلق نہیں ہے، اس شخص سے کسی اچھائی کی توقع بھی نہیں کی جا سکتی۔اب فواد چوہدری نے بھی عمران خان کے وکیل حامد خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک وکیل نے بوجھ الٹا عدالت پر ڈال دیا، عمران خان کی بات نہیں سُنتے، معاملہ ججز اور توہین عدالت کے ملزم کے درمیان ہے، وکیل منہ اٹھا کر بیچ میں کھڑا ہو جاتا ہے۔فواد چوہدری نے حامد خان کو ڈمی قرار دیتے ہوئے ججز کو بھی عمران خان کی عزت کا مشورہ دے ڈالا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں