پلوامہ واقعہ بھارتی انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی تھی،تہلکہ خیز انکشاف

نیو دہلی ( سی این پی )پلوامہ حملہ انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی تھی، خود کش کار حملے سے متعلق کوئی وارننگ نہیں دی گئی، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انٹیلی کی ناکامی سے متعلق سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے اپنی رپورٹ میں تہلکہ خیز انکشاف کردیا۔رواں سال فروری میں مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلوامہ میں بھارتی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے پر خود کش حملے میں 44 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔سی آر پی ایف کی رپورٹ میں واقعے کو بھارتی انٹیلی جنس اداروں کی ناکامی قرار دیتے ہوئے انکشاف کیا گیا ہے کہ خودکش حملے سے متعلق کوئی پیشگی وارننگ نہیں دی گئی تھی۔اس سے پہلے بھارتی وزارت داخلہ نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا پلوامہ حملے میں انٹیلی جنس کی ناکامی کا تاثر غلط ہے، بھارت کی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی رپورٹ نے وزارت داخلہ کی انکوائری رپورٹ کو یکسر مسترد کردیا۔بھارت نے پلوامہ واقعے کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہراتے ہوئے لائن آف کنٹرول پر بلا اشتعال فائرنگ کا سلسلہ طویل عرصے تک جاری رکھا اور فضائی سرحد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھارتی طیارے پاکستان میں داخل ہوئے تاہم پاک فضائیہ کی بروقت کارروائی کے بعد پے لوڈ گرا بھاگ نکلے۔دوسری بار پاکستانی حدود میں آنے والے 2 بھارتی طیاروں میں سے ایک کو پاک فضائیہ نے مار گرایا جبکہ پائلٹ ابھی نندن کو حراست میں لے لیا گیا تھا، تاہم وزیراعظم عمران خان کی جانب سے امن کی خواہش کے پیش نظر انہیں ایک روز بعد ہی واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کردیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں