کوئٹہ ، تخریب کاری کی کوشش ناکام ،کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار

کوئٹہ(سی این پی) سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار کرکے پانچ دستی بم 12 سوگرام سی فور بارودی مواد برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں تخریب کاری کی کوشش ناکام بنادی گئی، سی ٹی ڈی نے کارروائی کرکے کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گرد گرفتار کرلئے۔ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گردوں کی قلات سے کوئٹہ آنے کی خفیہ اطلاع پر سبی روڈ پر عارضی ناکہ لگایا گیا۔اس دوران مشکوک موٹرسائیکل سواروں نے ناکہ سے بچ نکلنے کی کوشش کی مگر وہ ناکام رہے۔ سی ٹی ڈی نے دونوں نقاب پوش موٹرسائیکل سواروں کو گرفتار کرلیا۔ملزمان کے قبضے سے پانچ دستی بم 12 سوگرام سی فور بارودی مواد، 2 کلو دھماکہ خیز مواد الیکٹرک ڈیٹونیٹرز ریموٹ کنٹرول کٹ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ترجمان کے مطابق مبینہ دہشت گرد کوئٹہ میں کارروائی کے غرض سے آرہے تھے۔حکام نے بتایا کہ دونوں نے دوران تفتیش خضدار اور گردونواح میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے کا اعتراف کیا ہے اور یہ انکشاف بھی کیا ہے کہ کالعدم تنظیم خضدار کی اہم شخصیات کے قتل کا ارادہ رکھتی ہے۔ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں