راولپنڈی میں پی ٹی آئی دھرنے ختم، نظام زندگی چار دن تک درہم برہم رہا

راولپنڈی(سی این پی)وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہر میں تحریک انصاف نے چار دن جاری رہنے کے بعد دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا، جس کے بعد بند راستوں پر ٹریفک بحال کردی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق احتجاجی دھرنے کے چوتھے روز تحریک انصاف نے راولپنڈی کی مصروف شاہراہ مری روڈ پر شمس آباد کے مقام سے دھرنا ختم ، تاہم احتجاجی کیمپ جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔پی ٹی آئی رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ راولپنڈی قیادت کے حکم پر ہم مری روڈ کھول رہے ہیں، جس کے بعد مظاہرین نے مری روڈ کے اہم مقام شمس آباد سے شامیانے ہٹا دیے۔ اس سلسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کا احتجاجی کیمپ بدستور جاری رہے گا۔دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے اہل کاروں کو ٹریفک بحال کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ بعد ازاں پی ٹی آئی نے پیر ودھائی موڑ سے بھی دھرنا ختم کردیا، جس سے اسلام آباد آئی جے پی روڈ پر ٹریفک بحال ہوگئی۔ ٹریفک پولیس نے تصدیق کی ہے کہ پیر ودھائی موڑ سے احتجاجی کیمپ ہٹانے کے بعد سڑک ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے اور اس سلسلے میں لگائی گئی تمام ڈائیورشن ہٹا دی گئی ہیں۔ اہلکار شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں مصروف ہیں۔علاوہ ازیں راولپنڈی کے مقام مقامات مری روڈ شمس آباد اور پیرودھائی موڑ کےبعد جی ٹی روڈ سواں کے قریب ایس او ایس ویلج کے پاس بند سڑک پر بھی احتجاج ختم کیے جانے کے بعد ٹریفک بحال کرنا شروع کردیا گیا ہے۔ جی ٹی روڈ کے مقام سواں روڈ سے راولپنڈی کی جانب جانے والے راستے کو 2 دن پہلے بند کیا گیا تھا۔اسی دوران پی ٹی آئی نے سواں کیمپ میں جاری دھرنا ختم کرنے کا بھی اعلان کردیا، جس سے جہلم روڈ پر ٹریفک رواں کرتے ہوئے ڈائیورشن ہٹا دی گئی ہیں۔دریں اثنا راولپنڈی اسلام آباد لاہور موٹروے ایم 2 پر دھرنا بدستور جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم کا کہنا ہے کہ موٹروے ایم 2 کھولنے سے متعلق ہمیں قیادت کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں ملی، جیسے ہی ہمیں کہا جائے گا، سڑک ٹریفک کے لیے کھول دیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں