پاکستان اور قازقستان کے درمیان سیاحتی معاہدہ

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی حکومت نے سیاحت کے فروغ کو اوّلین ترجیحات میں شامل کر لیا، پاکستان اور قازقستان کے درمیان سیاحت کے شعبے میں ایک ایم او یو کی تیاری کی جا رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان سیاحت کے شعبے میں تعاون کے لیے قازقستان کے ساتھ ایک معاہدہ کرنے جا رہا ہے، جس کے ذریعے لوگوں کی سماجی و معاشی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے گی۔ذرائع نے کہا ہے کہ سیاحت کے شعبے میں تعاون کے لیے پاکستان اور قازقستان کے درمیان ایک ایم او یو کا فیصلہ ہوا ہے، وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے مفاہمتی یادداشت کی سمری بھی منظور کر لی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ منظوری کے لیے یہ سمری وزارت بین الصوبائی رابطہ نے کابینہ کو بھجوائی تھی، بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے۔اس ایم او یو سے لوگوں کی ثقافتی، سماجی، اور معاشی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے گی، اور اس کے تحت میلوں، نمائشوں، سمینارز اور سیاحتی تقریبات میں باہمی شمولیت کی حوصلہ کی جائے گی۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور قازقستان کے مابین سیاحتی معاہدے سے حکومتی اداروں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کے درمیان سیاحت کے شعبے میں تعاون کو فروغ ملے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں