پی ٹی آئی نے محسن نقوی اور راجا ریاض کی تقرریوں پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا

اسلام آباد(سی این پی)پاکستان تحریک انصاف نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی تعیناتی چیلنج کر دی۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے محسن نقوی کی تعیناتی کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔تحریک انصاف نے بطور سیاسی جماعت اور اسد عمر نے بطور سیکرٹری پی ٹی آئی محسن نقوی کی تعیناتی کے خلاف درخواست دائر کی ہے۔تحریک انصاف کی درخواست میں محسن نقوی کو بطور نگران وزیر اعلیٰ کام سے روکنے کی استدعا کی گئی ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کے ممبر بابرحسن اور اکرام اللہ کی تعیناتی غیر آئینی قرار دی جائے، محسن نقوی کا نگران وزیراعلی تعیناتی کا نوٹی فکیشن غیرآئینی قراردیا جائے، محسن نقوی کو پنجاب میں کابینہ تعینات کرنے سے روکا جائے۔ پاکستان تحریک انصاف کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن جانبدار ہے اور آئینی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہا ہے، الیکشن کمیشن کی تشکیل آرٹیکل 218 کے تقاضوں پر پوری نہیں اترتی۔درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن اپنی آئینی حیثیت کھو چکا ہے، الیکشن کمیشن کے خلاف مس کنڈکٹ کی کارروائی کی جائے، سپریم کورٹ قرار دے کہ جانبدار الیکشن کمیشن فری اینڈ فیئرالیکشن نہیں کراسکتا، سپریم کورٹ تمام اسٹیک ہولڈرزکو متحرک کر کے صاف شفاف انتخابات کے انعقاد میں کردار ادا کرے، ایسے اقدامات کیے جائیں جس سے پنجاب اور دیگرصوبوں میں جمہوری حکومت قائم ہو۔اس کے علاوہ پی ٹی آئی نے راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی بنانے کا فیصلہ بھی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔پی ٹی آئی کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ راجا ریاض کو اپوزیشن لیڈربنانے کا نوٹیفکیشن غیرآئینی ہے اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں