یوکرینی میزائل حملے میں روسی اداکارہ ہلاک

ماسکو (سی این پی )سٹیج پر لائیو پرفارمنس کے دوران یوکرینی میزائل حملے میں روسی اداکارہ ہلاک ہوگئی۔غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس کے زیر کنٹرول یوکرینی علاقے ڈونباس میں روسی فوجیوں کے لیے پرفارم کرتے ہوئے یوکرین کے میزائل حملے میں روسی اداکارہ 40 سالہ پولینا مینشیخ سمیت متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوگئے۔

خبر ایجنسی کے مطابق وہ اس واقعے سے متعلق تفصیلات کی تصدیق نہیں کرسکی لیکن دونوں طرف کے فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ 19 نومبر کو اس علاقے میں یوکرین کی طرف سے میزائل حملہ ہوا تھا۔

سوشل میڈیا پر وائرل غیر تصدیق شدہ ویڈیو فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے اداکارہ پولینا مینشیخ اسٹیج پر گٹار کے ساتھ گنگنا رہی ہیں کہ اسی دوران عمارت اچانک ایک دھماکے سے لرز اٹھتی ہے جس کے بعد اندھیرا چھا جاتا ہے، اس سے قبل کھڑکیوں کے شیشے ٹوٹنے کی آوازیں بھی سنی جاسکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں