’میاں تیرے جاں نثار، بشیر میمن، راؤ انوار‘۔ بلاول بھٹو

اسلام آباد (سی این پی )پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں آج بھی نہیں چاہتیں کہ بھٹو کوانصاف ملے۔سپریم کورٹ میں ذوالفقار علی بھٹو صدارتی ریفرنس پر سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کی 12سال بعد ریفرنس کی سماعت ہوئی، 2018 میں درخواست دائرکی تھی کہ ریفرنس پر جلد سماعت کی جائے، ہمیں قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو کے لیے انصاف چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ امید ہےکہ ہمیں انصاف ملےگا، کچھ قوتیں آج بھی نہیں چاہتیں کہ بھٹو کوانصاف ملے، چاہتےہیں کہ عوام کے سامنےیہ بات آئےکہ ذوالفقار علی بھٹو بے قصور تھے، ریفرنس میں جو سوال اٹھائے گئے ہمیں ان کا جواب چاہیے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عدالت سےاپیل ہے کہ تاریخ کو درست کرے اور اپنے ہاتھوں سے یہ خون دھوئے، ذوالفقار علی بھٹو کے قاتلوں کو بے نقاب کرے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اور اس قوم کو بتایا جائے کہ ذوالفقار بھٹو قاتل نہیں تھا، جس شخص کے قتل کا الزام تھا وہ آج بھی زندہ ہے، پریس کانفرنس کر رہا ہے، عوام کا اس ادارے پر اعتماد بحال کرنا ہے، اس وقت کے نظام کو عوام کے سامنے رکھنا چاہتے ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) پیپلز پارٹی سمت ہر جماعت اور ہر شخص کا حق ہے اسے انصاف فراہم کیا جائے، ملک کے عوام اس وقت تک انصاف نہیں مل سکتا جب کہ قائد عوام کو انصاف نہ ملے، پاکستانی عدالت کو انصاف فراہم کرنے والا ادارہ تسلیم نہیں کریں گے جب تک کہ قائد عوام کو انصاف نہ ملے۔

سابق ایس ایس ضلع ملیر کراچی راؤ انوار سے متعلق سوال کے جواب میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں، آپ سب جانتے ہیں کہ یہ کس کا کھلونا ہے، انہوں نے ہی اس کو لانچ کیا ہوگا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ لیاری سے تعلق رکھنے والے جیالے بہت مزیدار نعرے بناتے ہیں، جب کل یہ سب کچھ چل رہا تھا تو انہوں نے ہی کل مجھے ایک میسج بھیجا کہ ’میاں تیرے جاں نثار، بشیر میمن، راؤ انوار‘۔

انتخابات ملتوی کیے جانے کے خدشات سے معلق سوال پر بلاول بھٹو نے کہا کہ اس معاملے پر چیف جسٹس کہہ چکے کہ 8 فروری 2024 انتخابات کی تاریخ پتھر پر لکیر ہے، اس سے الیکشن ملتوی جانے سے متعلق کوئی سوال بھی نہ اٹھائے، جہاں تک اس معاملے پر سابق صدر آصف زرداری کے اس بیان کا تعلق ہے جس میں انہوں نے کہا کہ الیکشن چند روز آگے ہونے میں حرج نہیں، اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں شکر گزار ہوں کہ آپ نے مجھے اس پر وضاحت کا موقع دیا کہ ہماری جماعت چیف جسٹس پر 100 فیصد اعتماد کرتی ہے، انہوں نے کہا ہوا ہے کہ الیکشن 8 فروری کو ہی ہوں گے، اس پر کوئی بات بھی نہ کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں