کرتار پور میں درشن ریزارٹ قائم کرنے کا اصولی فیصلہ

لاہور(سی این پی )ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب نے کرتار پور میں درشن ریزارٹ قائم کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ، نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کرتار پور راہداری سے منسلک ہوٹل کے پراجیکٹ کی منظوری دے دی۔

ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب ( ٹی ڈی سی پی ) کرتارپور میں درشن کے لئے 50 کمروں کا ہوٹل بنائے گا۔ نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ سکھ زائرین کو پنجاب میں بہترین سہولتیں مہیا کریں گے، محض مذہبی سیاحت نہیں بلکہ سکھ بھائیوں کودل سے دعوت دیتے ہیں، ایمن آباد،فاروق آباد،ننکانہ صاحب اورکرتارپورمیں زائرین کیلئے تمام تر ممکنہ سہولتیں مہیا کی جائیں گی۔

صوبائی سیکرٹری ٹورازم راجہ جہانگیر انور نے کرتار پور درشن ریزارٹ پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کرتار پور درشن ریزارٹ کا جامع پلان طلب کرلیا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر سیاحت عامر میر،سیکرٹری پی اینڈ ڈی،ایم ڈی ٹی ڈی سی پی،جی ایم آپریشنز ٹی ڈی سی پی اوردیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ ڈی سی نارووال ویڈیولنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں