راولپنڈی سے اغوا ایف بی آر کے اسسنٹ ڈائریکٹر کی لاش برآمد

راولپنڈی (سی این پی )راولپنڈی سے اغوا ہونے والے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر رحمت اللہ خان کی لاش سرائے خربوزہ سے برآمد کرلی گئی۔پولیس کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف بی آر رحمت اللہ خان کو 12 اپریل کو تھانہ آر اے بازار کے علاقے کمال آباد سے اغوا کیا گیا تھا، رحمت اللہ خان عید کے تیسرے روز دوستوں سے ملنے نکلا مگر واپس گھر نہیں لوٹا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے سرکاری افسر کی رہائی کےلیے بھاری تاوان کا مطالبہ  کیا تھا۔

پولیس کے مطابق سرکاری افسر کے اغوا اور قتل میں ملوث چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور ملزمان سے اسلحہ اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کی گئی ہے۔ملزمان نے اسٹنٹ ڈائریکٹر ایف بی آر کو قتل کرکے لاش سرائے خربوزہ میں دفن کردی تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کی شناخت وحید گل، صادق، محمد بہادر اور عبداللہ کے نام سے ہوئی اور ملزمان کی نشاندہی پر لاش کو تلاش کرکے پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزمان مقتول کے دوست تھے اورملزم صادق مقتول کا مالک مکان بھی تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں