چیف جسٹس فائز عیسیٰ قاضی کی اہلیہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری

کراچی (سی این پی )چیف جسٹس پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کراچی میں مزار قائد پر حاضری دی۔اس موقع پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے ہمراہ ان کی اہلیہ سرینا عیسیٰ بھی موجود تھیں۔چیف جسٹس کو پاکستان نیوی کے دستے نے سلامی دی، چیف جسٹس نے مزار قائد پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

بعدازاں مزار قائد پر انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے، چیف جسٹس پاکستان نے اپنے تاثرات میں لکھا کہ میرے لیے فخر کی بات ہے کہ میں بحیثیت چیف جسٹس ایشیا کے عظیم لیڈر کے مزار پر حاضر ہوا ہوں، قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دینا میرے لیے فخر کی بات ہے۔

انہوں نے لکھا کہ جناح وہ عظیم لیڈر ہیں جن کی ولولہ انگیز قیادت میں مسلمانان برصغیر ایک اسلامی ریاست قائم کرنے میں کامیاب ہوئے ، برداشت، شراکت داری،جمہوری طرز عمل سے ہی نظریہ پاکستان کو برقرار رکھا جا سکتا ہے، جس کا خواب قائد اعظم اور ان کے رفقا نے دیکھا جس کی بنیادقائد اعظم نے اپنے اصولوں،تنظیم ،اتحاد اور یقین محکم پر رکھی تھی۔ یاد رہے کہ چیف جسٹس حالیہ دنوں میں سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کیسز کی سماعت کررہے ہیں ، سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں 22 سے 26 اپریل تک 49 کیسز سماعت کے لیے مقرر کئے گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں