اسلام میں ہر دن محنت کشوں کی عظمت کا دن ہے ، ثمینہ احسان

اسلام آباد (سی این پی) یکم مئی دنیا بھر میں محنت و عظمت اور جدوجہد سے بھرپور استعارے کا دن بن چکا ہے. دنیا کی ہر قوم اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی. ہر طاقتور کمزور کو اپنے ظلم کے شکنجے میں جکڑے ہوئے تھا .اللہ نے مظلوموں کی فریاد سنی اور رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ وسلم دنیا میں مبعوث ہوئے, اور ہر مظلوم اور پسے ہوئے طبقے کی آواز بن گئے. آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مزدور کو اللہ کا دوست قرار دیا اور فرمایا کہ کسی آدمی نے اپنے ہاتھوں کی کمائی سے لذیذ کمائی نہیں کھائی. یوں اسلام نے مزدور کو تکریم بخشی. ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے یوم مئی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کیا. انہوں نے کہا کہ مزدور کے لیے اس سے زیادہ خوشی اور رشک کی بات کیا ہو سکتی ہے کہ خود ان کے محبوب نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے چند قیراط مزدوری پر بکریاں چرائیں. تمام انبیاء نے بھی ایسے ہی کام کیے. حضرت آدم علیہ السلام نے کھیتی باڑی کی, حضرت ادریس نے کپڑے سلائی کیے ,حضرت نوح بڑھئی تھےاور حضرت ابراہیم معمار تھے .اسلام میں جتنے بڑے محدثین گزرے ہیں سب علمی کام کے ساتھ روزی روٹی کے لیے مزدوری کرتے.

اسلام کے پہلے خلیفہ حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ نے اپنی تنخواہ ایک مزدور کے برابر مقرر کی. انہوں نے مزید کہا کہ اسلام میں ہر دن محنت کشوں کا دن ہے ہم صرف اس ایک دن ریلیاں یا تقریریں کر کے مزدوروں کو یہ احساس نہیں دلاتے کہ ہمیں معلوم ہے کہ تم پر ظلم کیا جا رہا ہے اور ہم تمہارے غم میں گھل رہے ہیں. لیکن ہم صرف ایک دن منا کر, چھٹی کر کے ,جلوس نکال کے اور تقریریں کر کے تمہیں خوش کریں گے. باقی 364 دن تمہارے ساتھ جو بھی ہو یہ ہمارا مسئلہ نہیں ہے. انہوں نے کہا کہ اسلام ہی دراصل مزدوروں کا دین ہے. اسی میں ان کے حقوق کا تحفظ ہے. انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس وقت بالخصوص کسانوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کیا جائے اور تمام مزدوروں اور کم آمدنی والے طبقے کو مراعات دی جائیں. انہوں نے عوام کو بھی پیغام دیا کہ اسلام کے حیا ت آفریں نظام کو اپنے ملک میں لائیں اور اس کے ثمرات سےبار آور ہوں.

اپنا تبصرہ بھیجیں