اسحاق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی چیلنج

کراچی (سی این پی )سندھ ہائی کورٹ میں سینیٹر اسحٰق ڈار کی بطور نائب وزیراعظم تعیناتی کا نوٹیفکیشن چیلنج کردیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق درخواست طارق منصور ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے، چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ عقیل احمد عباسی کی سربراہی میں عدالت عالیہ کا 2 رکنی بینچ درخواست پر کل سماعت کرے گا۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 28 اپریل کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما، وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کو نائب وزیراعظم بنانے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تھا، پاکستان کے آئین میں کہیں نائب وزیراعظم کے عہدے کا ذکر نہیں ہے، فیڈرل گورنمنٹ کے رولز آف بزنس میں بھی نائب وزیراعظم کا کوئی ذکر نہیں ہے۔

اس میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 28 اپریل کو جاری کردہ نوٹیفکیشن غیرآئینی ہے۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نائب وزیراعظم کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن غیر آئینی، قانونی قرار دیا جائے۔دائر درخواست میں وفاقی کابینہ، وزیر اعظم سیکریٹریٹ، ایوان صدر کے پرنسپل سیکریٹری سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں