سی پیک کے تحت رشکئی کو ملانے والی سڑک پر تعمیراتی کام شروع

اسلام آباد (سی این پی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت پہلے خصوصی اقتصادی زون رشکئی کو ملانے والی ساڑھے تین کلومیٹر سڑک پر تعمیراتی کام شروع ہو گیا ہے، اس زون کی تعمیر کے ابتدائی مرحلے میں 50 ہزار سے زائد لوگوںکو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ سی پیک اتھارٹی کے حکام کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں واقع رشکئی اقتصادی زون پر کام تیزی سے جاری ہے، رشکئی اقتصادی زون (ایم ون نوشہرہ) کیلئے 2000 ایکڑ اراضی حاصل کی جا چکی ہے اورصنعتی بستی کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اقتصادی زون میں پھلوں اور اشیائے خوراک کی پیکجنگ، ٹیکسٹائل سٹچنگ و نٹنگ اوردیگر متعلقہ صنعتوں کے قیام اوران کیلئے سہولیات پر توجہ دی جائے گی۔ اس صنعتی بستی سے ایئرپورٹ کا فاصلہ 65کلومیٹر، ڈرائی پورٹ 65 کلومیٹر، ریلوے سٹیشن 25کلومیٹر، سٹی سینٹر15 کلومیٹر، ہائی وے 5کلومیٹر اورموٹروے بالکل متصل ہے۔ رشکئی اکنامک زون صوبے کی خوشحالی وترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گا.

اپنا تبصرہ بھیجیں