وزیراعظم اور سری لنکن صدر کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

کولمبور(سی این پی)کولمبو میں وزیراعظم اور سری لنکن صدر کی ون آن ون ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سری لنکا کے وزیر برائے کھیل عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیں گے۔یاد رہے گزشتہ روز وزیر اعظم میڈیا آفس سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا نے اعلی سطح پر وفود کے تبادلوں، تجارت، دفاعی تعاون، سرمایہ کاری، سائنس و ٹیکنالوجی، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔دونوں رہنمائوں نے جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور معاشی خوشحالی کے مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے پاکستان اور سری لنکا کے مابین وسیع البنیاد اور پائیدار شراکت کو تقویت دینے پر توجہ دینے کے لئے وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کیا۔ فریقین نے کثیرالجہتی شعبے میں قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا اور تمام سطحوں پر سٹرٹیجک مواصلات اور ہم آہنگی کو مزید وسیع کرنے کا عزم کیا۔عمران خان نے خطے میں قیام امن اور استحکام کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے افغانستان میں تنازع کے سیاسی حل کو فروغ دینے کے لئے ہر طرف سے تعمیری مشغولیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے بات چیت کے ذریعے تنازعات کے حل اور جنوبی ایشیا اور اس سے آگے امن ، ترقی اور خوشحالی کے وژن کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنمائو ں نے سیاحت ، سرمایہ کاری ، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں باہمی تعاون کیلئے اہم مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ پاکستان کی طرف سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم، معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید ذوالفقار عباس بخاری اور دیگر نے دستخط کئے۔ بعد میں دونوں رہنمائوں نے مشترکہ طور پر میڈیا سے گفتگو کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں