ٹی وی کی سینئر اداکارہ خورشید شاہد انتقال کر گئیں

لاہور(سی این پی)پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی معروف ادکارہ اور سینیئر ریڈیو صداکارہ خورشید شاہد انتقال کر گئیں ۔خورشید شاہد کے بیٹے اداکار سلمان شاہد نے اپنی والدہ کے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے علیل تھیں اور آج رضائے الہیٰ سے انتقال کر گئیں۔بیٹے سلمان شاہد کا کہنا تھا کہ خورشید شاہد کی نماز جنازہ آج چار بجے ڈیفینس فیز 2 ای بلاک مسجد میں ادا کی جائے گی ، جبکہ تدفین فیز سات کے قبرستان میں کی جائے گی۔خورشید شاہد پاکستان کی معروف فن کارہ خورشید شاہد نے اہنی فنی زندگی کا آغاز صرف نو سال کی عمر میں آل انڈیا ریڈیو سے بطور مغنیہ کیا، روشن آرا بیگم کی شاگردی اختیار کی اور موسیقی کی بڑی بڑی محفلوں میں داد و تحسین وصول کی۔بعد ازاں ریڈیو پر صداکاری اور ٹیلی وژن پر اداکاری کے جوہر دکھائے۔ان کے مشہور ڈراموں میں فہمیدہ کی کہانی استانی راحت کی زبانی کا نام سرفہرست ہے۔ چند فلموں میں بھی کام کیا جن میں چنگاری اور بھولا ساجن کے نام شامل ہیں۔حکومت پاکستان نے انہیں 14 اگست 1995 کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی عطا کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں