پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر ڈوزیئر پیش کردیا

اسلام آباد(سی این پی) پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت پر ڈوزیئر پیش کردیا، 131 صفحات پر مشتمل دستاویزات میں بھارتی فورسز کے مظالم کے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں۔اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ 9 لاکھ بھارتی فوج مظلوم کشمیری عوام پر مسلط ہے، وادی میں بھارتی فوج کے محاصرے کے 769 دن ہوچکے، آزاد مبصرین کو وہاں جانے کی اجازت نہیں، انسانی حقوق کی بدترین پامالی کسی طور مناسب نہیں۔ ڈوزیئرمیں 113 حوالے دیئے گئے ہیں، ڈوزیئر پیش کرنے کا مقصد بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا چہرہ دنیا کو دکھانا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ علی گیلانی کے انتقال پر پوری دنیا نے دیکھا بھارت کی کیا سوچ تھی۔ ان کی وفات کے بعد ان کے گھر جانیوالے راستوں کو بند اور اہلخانہ کو ہراساں کیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں سال 2014 سے 30 ہزار افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا، 3 ہزار 850 خواتین کو آبروریزی کا نشانہ بنایا گیا۔ 8 سے 10 ہزار کشمیریوں کو جبری لاپتہ کر دیا گیا ہے۔ نہتے کشمیریوں کے خلاف کیمیکل ہتھیاروں کے استعمال کے ثبوت بھی ڈوزیئر کا حصہ ہیں۔وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ڈوزیئر میں تین باب شامل ہیں، پہلاباب بھارت کے جنگی جرائم ،دوسرا فالس فلیگ آپریشنز اور تیسراباب سلامتی کونسل کی قراردادوں اور بھارت کی مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنے کی کوششوں کی تفصیلات پر مشتمل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں