جاز(JAZZ) کا اپنے قیمتی صارفین کیساتھ نصف ماہ سے سوتیلی ماں جیسا سلوک جاری،سسٹم اپ گریڈیشن خواب بن گیا

جاز انتظامیہ کی کوئی منصوبہ بندی ہے اور نہ ہی انکے پاس صارفین کو درپیش مشکلا ت کا کوئی حل ہے ،طے شدہ سہولیات اور خدمات دینے میں بری طرح ناکام ہے
جاز سم رکھنے والے لاتعداد افراد کا دنیا سے رابطہ منقطع ،جاز ملازمین سسٹم اپ گریڈیشن کی وجہ سے شدید متاثر، دوسری سیلولر کمپنیوں کی سمز استعمال کرنے پر مجبورہیں
جاز کمپنی اپنے صارفین کوزبانی کلامی قیمتی (valuable)گردانتی ہے مگر عملی طور پر اپنے صارفین کو اتنی اہمیت دینے کو تیار نہیں کہ انہیں حقائق سے آگاہ کرے
ناقص سروسز پر متعلقہ اداروں خصوصا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے ) کو سانپ سونگھ گیا ہے ، حکام جاز کی ہٹ دھرمی پر چپ سادھے ہوئے ہیں

اسلام آباد(سی این پی)جاز(JAZZ)کا اپنے قیمتی(valuable)صارفین کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک جاری، نصف ماہ بیت گیا جاز(JAZZ) کی منصوبہ بندی کے ساتھ شروع ہونے والی سسٹم کی اپ گریڈیشن پایہ تکمیل کو نہ پہنچ سکی ،صارفین کیلئے جاز(JAZZ) کے سسٹم کی اپ گریڈیشن کی تکمیل خواب بن چکی ،گزشتہ پندرہ روز سے جاز(JAZZ) صارفین کو مفلوج نظام،کالز کا نہ ملنا ،نمبرز فعال ہوتے ہوئے بھی بند ملنا ،کالز ڈراپ ہونا،بیلنس ہوتے ہوئے کال کرنے کی سہولت دستیاب نہ ہونا،پوسٹ پیڈ صارفین کی جانب سے بلوں کی ادائیگی کے باجود کال کی سہولت میسر نہ ہونا،انٹرنیٹ کی سست رفتار یا عدم دستیابی،جاز(JAZZ) کیش کے ذریعے رقوم کی منتقلی نہ ہونا،دوہری کٹوتیاں،اضافی کٹوتی کی گئی رقوم کی واپسی میں تاخیر،جاز(JAZZ) ورلڈایپ سمیت دیگر ایپس کی سہولت سے محرومی جیسے مسائل کا سامناہے ،جاز(JAZZ) سم کے ہوتے ہوئے دنیا سے رابطہ منقطع ہونا صارفین کیلئے انتہائی اذیت ناک ہے، جاز(JAZZ) صارفین کومذکورہ مسائل کا سامنا روزانہ کی بنیادوں پرکرنا پڑرہا ہے،جاز(JAZZ) انتظامیہ کے پاس صارفین کیلئے کوئی منصوبہ بندی ہے اور نہ ہی درپیش مشکلا ت کا کوئی حل ،گزشتہ پندرہ دن سے جاز(JAZZ) انتظامیہ صارفین کو طے شدہ سہولیات اور خدمات دینے میں بری طرح ناکام ہے ،ملک کی معروف اور صف اول کی سیلولر کمپنی کی دعویدار جاز(JAZZ) سیلولر کمپنی اپنے صارفین کوزبانی کلامی قیمتی (valuable)گردانتی ہے مگر عملی طور پر اپنے صارفین کو اتنی اہمیت دینے کو تیار نہیں کہ انہیں حقائق سے آگاہ کرے اور سسٹم کی اپ گریڈیشن کے حوالے معینہ مدت دے ،صارفین کوریلیف دینے یا متبادل نظام دینے کی بجائے حقائق سے منہ موڑے ہوئے ہے ،دوسری جانب ذرائع کے مطابق جاز(JAZZ) کے متاثرین میں صرف جاز(JAZZ) صارفین ہی شامل نہیں ہیں بلکہ جاز(JAZZ) ملازمین بھی سسٹم اپ گریڈیشن کی وجہ سے شدید متاثر ہیں ،ذرائع کے مطابق جاز کے ہیڈآفس سمیت ملک میں موجود دفاتر میں کام کرنے والے لاتعداد ملازمین کی جاز(JAZZ) سمز سسٹم اپ گریڈیشن کی وجہ سے نہیں چل رہی ہیں جسکی وجہ سے وہ دوسری سیلولر کمپنیوں کی موبائل فون سمز استعمال کرکے پیشہ وارانہ امور اور روزمرہ کے معمولات سر انجام دے رہے ہیں،یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جاز(JAZZ) انتظامیہ سسٹم اپ گریڈیشن کی وجہ سے متاثرین کو کوئی ڈیڈ لائن دینے میں بری طرح ناکام ہے ، جاز(JAZZ) کے ٹوئٹر اکائونٹ اور فیس بک پیج پر 9نومبر2021کو سسٹم اپ گریڈیشن کے حوالے سے معذرت کرنے والی پوسٹ پر صارفین نے شدید ردعمل کا اظہار کیا، جاز(JAZZ) انتظامیہ کی غفلت، لاپرواہی پر سخت غم و غصے اورشدید الفاظ میں تنقید کا نہ رکنے والا سلسلہ تا حال جاری و ساری ہے ،جسکا جواب جاز(JAZZ) انتظامیہ کے پاس معذرت کے سواکچھ نہیں ہے ۔ہیلپ لائن پر بھی روازانہ کی بنیادوں پر صارفین کی جانب سے ان گنت شکایات ، احتجاج اور غم و غصے کا سلسلہ بھی جاری ہے ،جاز(JAZZ) کی ناقص سروسز پر متعلقہ اداروں خصوصا پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی(پی ٹی اے ) کو جیسے سانپ سونگھ گیا ہو ،پی ٹی اے حکام جاز(JAZZ) کی ہٹ دھرمی اور صارفین کے حقوق کی پامالی پر چپ سادھے ہوئے ہیں، صارفین کے مسائل کے حل کیلئے سیلولر کمپنیوں کا ریگولیٹرپاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے ) سنجیدہ نظر نہیں آرہا ہے یہی وجہ ہے 15ایام گزرنے کے باجود صارفین کے حقوق غصب کرنے والی جاز(JAZZ) سیلولر کمپنی کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی بلکہ صارفین کو ملک کی بڑی سیلولر کمپنی کی دعویدار جاز(JAZZ) کے رحم و کرم پر چھوڑدیا گیا ہے جسکی وجہ سے صارفین میں شدید اضطراب اور بے چینی پائی جا رہی ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں