جاز صارفین کی مواصلاتی ضروریات پوری کرنے میں بری طرح ناکام،22روزسے سروسزجزوی طورپرمعطل

خود کو پاکستان کا نمبرون4Gآپریٹر ،69ملین سے زائد صارفین کو سروسز دینے، سب سے بڑاادارہ کہنے والوں نے صارفین کا استحصال کرنے میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی
کیا جاز اپ گریڈیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے ؟جاز انتظامیہ نے دروغ گوئی سے کام لیتے ہوئے صارف کے سوال کے جواب میں کہا کہ جاز اپ گریڈیشن کا میابی سے مکمل ہو چکی
صارفین کاجاز ہیلپ لائن پر کال نہ ملنے پر شکایات اور غصے کا اظہار،اتنا بڑا دھوکہ تو چائنہ کا موبائل بھی نہیں دیتا جتنا بڑا دھوکہ تبدیلی کے نام پرجاز(JAZZ) نے دیا ،رحمن خان
کب تک تکلیف کیلئے معذرت ؟ آپکی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے،صارفین کو بغیر مطلع کئے بیلنس کاٹنے کی کیا ضرورت ہے ؟ کیا یہ بھی آپ کی بحالی کی پالیسی ہے ؟بسمہ پراچہ

اسلام آباد(سی این پی)جاز(JAZZ) صارفین کی مواصلاتی ضروریات پوری کرنے میں بری طرح ناکام ،اپ گریڈیشن کی تکمیل 22روزمیں ممکن نہ ہوسکی ،جاز(JAZZ) کی منصوبہ بندی سے شروع ہونے والی ڈیجیٹل سسٹمز کی اپ گریڈیشن کی تکمیل ہو سکی نہ ہی جاز(JAZZ) انتظامیہ جھوٹ بولنے اور صارفین کو گمراہ کرنے سے باز آئی ،25سال سے زائد کام کرنے کا دعوی ،خود کو پاکستان کا نمبرون4Gآپریٹر اور69ملین سے زائد صارفین کے ساتھ انٹرنیٹ اور براڈ بینڈ سروس فراہم کرنے والا سب سے بڑا ادارہ کہنے والوں نے صارفین کا استحصال کرنے میں نمبر ون پوزیشن حاصل کرلی ہے ۔صارفین کی جانب سے اپ گریڈیشن کے حوالے سے جاز(JAZZ) ہیلپ لائن ،ٹوئٹر ہینڈل اور فیس بک کے آفیشل پیج پر شکایات اور سوالات کا نہ رکنے والا سلسلہ جاری ہے ،جاز(JAZZ) کے آفیشل فیس بک پیج پر صارف احرم علی نے سوال کرتے ہیں کہ کیاجاز(JAZZ) اپ گریڈیشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے ؟جسکے جواب میں جاز(JAZZ) انتظامیہ نے دروغ گوئی سے کام لیتے ہوئے صارف کے سوال کے جواب میں کہا کہ جاز(JAZZ) اپ گریڈیشن کا میابی سے مکمل ہو چکی ہے اگر آپ کو کوئی شکایت ہے تو ان باکس کریں،جبکہ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ تا حال جاز(JAZZ) کی آفیشل ویب سائٹ پر صارفین کیلئے پیغام موجود ہے کہ سسٹم اپ گریڈیشن جاری ہے چند سروسز میسر نہ ہونے پر معذرت خواہ ہیں ،جاز صارف رحمن خان کا کہنا تھا کہ اتنا بڑا دھوکہ تو چائنہ کا موبائل بھی نہیں دیتا جتنا بڑا دھوکہ تبدیلی کے نام پرجاز(JAZZ) نے دیا ،متعدد صارفین جاز کی ہیلپ لائن 111پر کال نہ ملنے اور شکایات کے حوالے سے جاز(JAZZ) نمائندے سے بات نہ ہونے پر شکایات اور غصے کا اظہار کررہے ہیں۔جا زکی صارف رابیل کنول کہتی ہیں کہ کال سینٹر رابطے کیلئے کیا ڈائل کرنا پڑے گا؟10مرتبہ 111پرکال کر چکی ہوں مگر نمائندے سے بات نہیں ہو سکی ۔جس پر جاز(JAZZ) کا جواب تھا کہ 111کے علاوہ نمائندے سے رابطہ کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے ساتھ ہی صارف کو آگاہی فراہم کی گئی کہ نمائندے سے بات کرنے کیلئے آپکو 2.14روپے اداکرنا ہونگے۔نعیم علی نامی صارف نوحہ کناں ہیں کہ ہیلپ لائن پر ایک گھنٹہ کال چلی اور پھر ڈراپ ہو گئی مگر نمائندے نے کال اٹھانے کی زحمت گوارہ نہ کی ،جاز صارف نعیم علی مسائل کے حل نہ ہونے پر جذباتی نظر آئے ،جسکے جواب میں حسب روایت جاز کی انتظامیہ نے درپیش مسئلے کوان بکس) (Inboxکرنے کا مشورہ دے ڈالا تاکہ انکے عیبوں پر پردہ پڑارہے ،جاز(JAZZ) کے صارف امین زبیر عباسی بھی جاز(JAZZ) پر شدید تنقید کرتے ہیں انکا کہنا ہے کہ آپ کی ہیلپ لائن سے موبائل انٹرنیٹ کا عام سا مسئلہ حل نہیں ہو سکا ہے ،اسکے علاوہ جاز(JAZZ) ورلڈ ایپ کے حوالے سے بھی صارفین نے شکایات کیں ،صارف بی کے ابدالی سوال کرتے ہیں کہ جاز(JAZZ) ورلڈ ایپ کام نہیں کر رہی ہے ؟جسکے جواب میں جاز(JAZZ) انتظامیہ نے یوٹرن لیا اور اپنے سسٹم اپ گریڈیشن کی تکمیل کے بیان کی خود نفی کرتے ہوئے کہا کہ ہم سسٹمز کی اپ گریڈیشن کررہے ہیں جسکی وجہ سے چند سروسز عارضی طور پر دستیاب نہیں ہیں ،ہم آپکے صبر کی تعریف کرتے ہیں اور آپکی تکلیف کو سمجھ سکتے ہیں ،ہمیں کسی بھی تکلیف پر افسوس ہے۔صارف بسمہ پراچہ شدید غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ جاز(JAZZ) ورلڈ چلتا ہے نہ ہی جاز کیش ،بیلنس جاز والے اپنی مرضی سے کاٹ رہے ہیں،اب نیٹ ورک کی تبدیلی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے ،جسکے جواب میں جاز کا معذرت خواہانہ پیغام جاز(JAZZ) فیس بک آفیشل پر دیکھا جا سکتا ہے ۔جسکے جواب میں بسمہ پراچہ کہتی ہیں کہ کب تک تکلیف کیلئے معذرت کی ضرورت پیش آئے گی؟آئے روز آپکی وجہ سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے،صارفین کو بغیر مطلع کئے بیلنس کاٹنے کی کیا ضرورت ہے ؟ کیا یہ بھی آپ کی بحالی کی پالیسی ہے ؟جاز کی صارف کرن علی کہتی ہیں کہ میں ایزی پیسہ کے ذریعے اپنا پیکج کیوں نہیں کر سکتی ہوں ؟صارف عبدالعزیز لاسی کہتے ہیں کہ جاز(JAZZ) ورلڈ کو ٹھیک کر دیں پورا مہینہ ہونا والا ہے یہ صرف میرا مسئلہ نہیں ہے یہ سب کا مسئلہ ہے پہلے بھی اسی پیج پر شکایت کی تھی ۔واضح رہے کہ جاز(JAZZ) کے آفیشل فیس بک پیج اور ٹوئٹر ہینڈل پر 22روز سے درج ہونے والی شکایات پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور متعلقہ اداروں کے آنکھوں سے اوجھل ہیں اور انکی معنی خیز خاموشی صارفین کے لئے تشویش کا باعث ہے ۔جاز(JAZZ) صارفین کی ذہنی اذیت اور کرب کو محسوس کرنے کیلئے صارفین کے حقوق کا محافظ ادارہ پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن تیار نہیں ہے اور نہ ہی صارفین کی ان گنت شکایات کا نوٹس لینے کی جسارت کی جارہی ہے ۔بااثر آپریٹر جاز(JAZZ) کے سامنے حکومتی ادارے بے بس نظر آرہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں