وزیراعظم کا افغانستان میں زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس، ہر ممکن مدد کی یقین دہانی

اسلام آباد(سی این پی)وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سےقیمتی جانوں کےضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان میں زلزلے سےقیمتی جانوں کےضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں افغان بھائیوں ،بہنوں کے ساتھ ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ زلزلے سے نقصانات خاص طور پر پکتیکا میں اموات پردلی افسوس ہے، پاکستان کی طرف سے افغان عوام کو ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔وزیراعظم نے متعلقہ پاکستانی حکام کو افغانستان کی مدد کی ہدایت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔شہباز شریف نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئےدعا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدرد کا اظہار کیا۔یاد رہے افغانستان کے دارالحکومت کابل سمیت دیگر شہروں میں خوفناک زلزلے نے تباہی مچادی، قیامت خیز زلزلے کے نتیجے میں دو سو پچپن افراد جاں بحق ہو گئے۔افغان نائب وزیراطلاعات ذبیح اللہ مجاہد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایاکہ کابل سمیت افغانستان کے مختلف حصوں میں رات گئے چھ اعشاریہ ایک شدت کا زلزلہ آیا۔ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ پکتیا سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں اب تک دو سو پچپن افراد جاں بحق اورڈیڑھ سوسے زائد زخمی ہوئے ہیں اور سیکڑوں گھر تباہ ہوگئے جبکہ بہت سے لوگ ملبے تلے دبے ہیں۔۔ جنہیں نکالنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں