حکومت کہیں نہیں جارہی،مڈٹرم انتخاب کے نعرے دل بہلانے کیلئے ہیں ہمایوں اختر

لاہور(سی این پی )پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ان ہائوس تبدیلی آرہی ہے اور نہ حکومت کہیں جارہی ہے ،اپوزیشن اپنا دل بہلانے کیلئے وسط مدتی انتخابات کے نعرے لگا رہی ہے جس پر قدغن نہیں لگا سکتے ، معیشت کی بہتری کیلئے ڈیڑھ سال میں جتنی کڑوی گولیاں نگلنا تھیں وہ نگل لی ہیںاوراب معیشت کا پہیہ اپنی رفتار سے گھمانے کیلئے عملی پیشرفت جاری ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن)میں اس وقت نہ صرف واضح تقسیم ہے بلکہ اسے قیادت کے بحران کا بھی سامنا ہے ۔ بطور اپوزیشن مسلم لیگ (ن)اور پیپلز پارٹی کا کردار سب کے سامنے ہے ،پارلیمنٹ میں ملک کی بہتری کیلئے تجاویز دینے کی بجائے صرف اپنی کرپشن بچانے کا واویلا کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ عوام کو مشکلات کی دلدل میں دھکیلنے کے ذمہ دار ہیں وہی آج اربوں روپے کی سبسڈی پیکج پر بھی شوروغوغا کر رہے ہیں ، اصل میں اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور اسے سمجھ ہی نہیں آرہی کہ اس نے کس سمت میں جانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میثاق معیشت کے نعرے لگانے والے آج کہاں ہیں ، شہباز شریف کا لندن کے مہنگے ہوٹلوں اور لگژری اپارٹمنٹس میں بیٹھ کر پاکستان کی عوام کی مشکلات کا ذکر کرنا آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جیسے جیسے مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اپنے عزم اور ولولے کا اظہار کرتے ہیں ویسے ویسے اپوزیشن کی سیاست کی نبض ڈوبنا شروع ہو جاتی ہے ، ان ہائوس تبدیلی نہیں آرہی اور حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرے گی ، اپوزیشن سیاسی طو رپر مکمل بیروزگار ہے اگر وہ اپنے لوگوں کو ساتھ رکھنے اور دل بہلانے کیلئے وسط مدتی انتخابات کے نعرے بھی نہ لگائے تو کیا کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں