غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی ترجیح ہے،ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے بہترین سازگار ماحول کی فراہمی اور نئی برآمدی مارکیٹوں کی تلاش کیلئے سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے، دولت مشترکہ کے ممالک پاکستان کی برآمدات کیلئے بہترین منڈیاں ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے یہ بات دولت مشترکہ انٹرپرائز اینڈ انویسٹمنٹ کونسل کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وفد کی قیادت کونسل کے ڈپٹی چیئرمین سرہوگو سوائر کر رہے تھے۔ وفد کے سربراہ نے وزیراعظم کے مشیر کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کونسل کے پاس دولت مشترکہ کے ممالک میں تجارت اور سرمایہ کاری میں سہولیات فراہم کرنے کا مینڈیٹ ہے، کونسل کے زیر اہتمام ہر دو سال بعد دولت مشترکہ بزنس فورم کا انعقاد کیا جاتا ہے، رواں سال یہ فورم روانڈا میں منعقد ہو رہا ہے اور ان کی خواہش ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کو تجارتی وفد کے ہمراہ اس فورم میں شرکت کیلئے مدعو کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ فورم کے زیر اہتمام ممبر ممالک میں ذیلی فورمز کا انعقاد بھی ہو رہا ہے تاکہ رکن ممالک میں تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع میں اضافہ کیا جا سکے۔ وفد کے سربراہ نے تجارت اور کاروبار میں آسانیوں کیلئے پاکستان کی حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے اقدامات کی بالخصوص تعریف کی۔ وزیراعظم کے مشیر نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاری اور نئی برآمدی منڈیوں کی تلاش پر خصوصی توجہ رہے گا اور اس ضمن میں حکومت سنجیدہ اور مخلصانہ کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کے ممالک پاکستانی برآمدات کیلئے بہترین منڈیاں ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے وفد کو ان اقدامات سے آگاہ کیا جو حکومت نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کئے ہیں اور کہا کہ ان اقدامات سے غیر ملکی سرمایہ کاروں پر انتظامی بوجھ کم ہو گیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر نے تجارتی مراکز کے قیام اور ان مراکز کے درمیان رابطوں کو فروغ دینے کی تجویز کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اس سے تمام فریقوں کو یکساں فوائد پہنچ سکتے ہیں۔ وزیراعظم کے مشیر نے وفد کو تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں