بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 3 لاکھ غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل جاری کردیے

سری نگر(سی این پی) بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نافذ ڈومیسائل کے نئے قانون کے تحت 3 لاکھ غیر مقامی افراد کو ڈومیسائل جاری کردیے۔ میڈیا کے مطابق بھارت نے اقوام متحدہ میں کشمیر کی متنازع حیثیت تسلیم کیے جانے کے باوجود عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور 3 لاکھ غیر مقامی افراد کو مقبوضہ کشمیر کے ڈومیسائل جاری کردیے ہیں جن میں ایک بھی مسلمان شامل نہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ وادی سے متعلق جاری ہونے والی نئی رپورٹس میں یہ بھی انکشاف سامنے آیا ہے کہ جیسے ہی بھارت نے خطے میں ڈومیسائل کا قانون نافذ کیا ہے اس کے بعد سے وادی میں موجود 8 لاکھ سے زائد قابض فوجیوں اور 6 لاکھ سے زائد مزدوروں کو بھی آنے والے دنوں میں ڈومیسائل جاری کیے جاسکتے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کشمیری عوام کو اس بات کا شدت سے خدشہ ہے کہ بھارت مقبوضہ وادی کی ڈیموگرافی تبدیل کرنے کے ایجنڈے پر کام کررہا ہے اور وادی کو ایک اور فلسطین بنارہا ہے۔واضح رہے کہ بھارت نے یکم اپریل کو ایک اعلامیہ جاری کیا جس کے مطابق اب مقبوضہ کشمیر میں ڈومیسائل (شہریت)کا نیا قانون نافذ ہوگا اور اس کی رو سے سرکاری محکموں میں چپڑاسی، خاکروب، نچلی سطح کے کلرک، پولیس کانسٹیبل وغیرہ کے چوتھے درجے کے عہدوں کو کشمیریوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے جب کہ گزیٹِڈ عہدوں کے لیے پورے بھارت سے امیدوار نوکریوں کے اہل ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں