کشمیر کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھیں گے، نگران وزیراعظم

مظفر آباد (سی این پی )نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حتمی اور منصفانہ حل اقوام متحدہ کی ثالثی رائے شماری اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ہی ممکن ہے۔

انہوں نے یہ بات آج یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد پہنچنے کے بعد آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری انوار الحق اور آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر چوہدری لطیف اکبر سے ملاقات کے دوران کہی۔

پاکستانی وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اور پوری قوم حق خودارادیت کی جدوجہد میں اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں نئی دہلی کے مظالم اب کوئی راز نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی خاموشی تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

قانون ساز اسمبلی کے سپیکر اور آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم نے وزیراعظم پاکستان کے دورہ مظفرآباد کا خیرمقدم کیا۔

انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی مظفرآباد آمد نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان اور کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

قبل ازیں نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئےکہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ہر سال 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر مناتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان جموں و کشمیر تنازعے کا ایک اہم فریق ہے، کشمیر کی ہر طرح سے حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے ہم اس پر خاموش نہیں رہ سکتے۔

نگران وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کے لیے ہمارا عزم پختہ ہے، پاکستان اور کشمیر اٹوٹ رشتے میں بندھےہیں، آزاد کشمیر بڑی قربانیوں اور جدوجہد کے بعد آزاد ہوا ہے، کشمیریوں نے جو قیمت ادا کی ہے وہ بہت زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کھلی جیل بن گیا ہے، کشمیریوں پر زندگی تنگ کردی گئی ہے، 96 ہزار سے زائد کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ہے ، ہزاروں کشمیری خواتین کے ساتھ زیادتی کی گئی ہے، کشمیری خوف و ہراس کے ماحول میں زندہ ہیں، مقبوضہ کشمیر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے۔

انوار الحق کاکڑ نے بتایا کہ قائد اعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا، ہماری خارجہ پالیسی میں مسئلہ کشمیر کو اولین ترجیح حاصل ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں